ابوظہبی میں ایٹمی بجلی گھر پر ڈرون حملہ: عرب میڈیا کا دعویٰ
ابوظہبی میں براقہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد بیرونی برقی جنریٹر میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ جوہری تنصیبات اور ریڈیولوجیکل سیکیورٹی مکمل طور پر محفوظ رہی۔
عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی کے الظفرہ ریجن میں واقع براقہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے بیرونی حصے میں نصب الیکٹریکل جنریٹر ڈرون حملے کی زد میں آنے کے بعد آگ لگ گئی۔ واقعے کے فوری بعد امدادی اور سیکیورٹی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ پلانٹ کے اندر موجود جوہری نظام اور حفاظتی انتظامات مکمل طور پر محفوظ رہے۔
فیڈرل اتھارٹی فار نیوکلیئر ریگولیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعے سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی سیکیورٹی، آپریشنل نظام یا ضروری تنصیبات متاثر نہیں ہوئیں اور تمام یونٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
اماراتی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔