یوکرین کا روس پر 500 ڈرونز کے ساتھ سب سے بڑا حملہ، ایک بھارتی سمیت 4 افراد ہلاک

روس نے یوکرینی حملوں میں 4 افراد کی ہلاکت جب کہ 550 سے زیادہ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے
اپ ڈیٹ 17 مئ 2026 06:14pm

یوکرین کی جانب سے روسی دارالحکومت ماسکو اور اطراف کے علاقوں پر بڑے حملے کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ روسی حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک چار ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں بھارتی شہری بھی شامل ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے کو ایک سال کے دوران ماسکو پر ہونے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اور روسی حکام کے مطابق یہ حملہ ہفتے اور اتوار کی درمیان شب، رات بھر جاری رہا۔ اس دوران یوکرین نے ماسکو سمیت روس کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین افراد ماسکو جب کہ ایک شخص شمال مشرقی یوکرین کی سرحد سے ملحقہ علاقے میں مارا گیا۔

روس میں بھارتی سفارت خانے نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ماسکو میں ایک ڈرون حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

روسی خبر رساں ایجنسی ’ٹاس‘ نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات یوکرین نے 500 سے زائد ڈرونز کے ساتھ روسی علاقوں پر حملہ کیا، جن میں ماسکو اور اس کے نواحی علاقے شامل تھے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے 120 سے زائد ڈرونز کو کامیاب سے مار گرایا۔

حکام کے مطابق حملوں میں متعدد رہائشی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جبکہ کم از کم 12 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں کچھ افراد ماسکو کی آئل ریفائنری کے داخلی راستے کے قریب موجود تھے، تاہم حکام نے دعویٰ کیا کہ ریفائنری کی بنیادی تنصیبات محفوظ رہیں۔

دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مجموعی طور پر 556 یوکرینی ڈرونز کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے بھی 287 ڈرونز کے ساتھ یوکرین پر حملہ کیا، جن میں سے زیادہ تر تباہ کر دیا گیا ہے، تاہم کچھ ڈرون اہداف تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جس سے 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

روسی وزارتِ خارجہ نے یوکرین پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق یہ حملہ ایک اور بڑا دہشت گرد حملہ تھا، جس کے پیچھے یورپی یونین کی مالی معاونت شامل ہے۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ڈرون کی پروازیں، دھواں اور آگ بجھانے کی کوششیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روسی حملوں کے جواب میں یوکرین کے اقدامات مکمل طور پر جائز ہیں اور ان کا مقصد روسی جنگی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ یوکرین اب روسی سرحد سے 500 کلومیٹر سے زیادہ دور تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روس کو جنگ ختم کرنے کی طرف جانا ہوگا۔

یوکرین کی جانب سے یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک ایک دوسرے کی توانائی اور دفاعی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل ہی روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے حملے کیے تھے، جن میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ وہیں یوکرین نے بھی روس کے اندر تیل تنصیبات، پائپ لائنز اور تیل ڈپوؤں پر حملے تیز کر دیے ہیں۔

Read Comments