چین میں 5.2 شدت کا زلزلہ، 2 افراد ہلاک 13 عمارتیں منہدم
چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں پیر کی علی الصبح آنے والے 5.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہوگیا، جب کہ شہر لیوژو میں 7 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ حکام نے ٹرانسپورٹ کے نظام میں ممکنہ رکاوٹوں سے بھی خبردار کیا ہے۔
چینی سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی اور خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق زلزلے میں 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم ان میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں۔
رپورٹس کے مطابق پیر کی صبح زلزلے کے باعث 13 عمارتیں منہدم ہوگئیں، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کردی گئیں۔
ریلوے حکام نے بھی ریلوے لائنوں کے بنیادی ڈھانچے کا معائنہ شروع کردیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ میں ممکنہ تعطل کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
چینی ریاستی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی اور بجلی کی لائنیں، پانی اور گیس کی فراہمی، اور ٹریفک کا نظام معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔