پنکی کیس؛ کوکین استعمال کرنے والوں کا نام پردے میں رہنا چاہیے: وزیر داخلہ سندھ

پنکی نے چیلنج دیا تھا کہ مجھے پکڑ کر دکھاؤ، اور ہم نے اسے پکڑ لیا: ضیا لنجار
شائع 18 مئ 2026 03:08pm

وزیر داخلہ ضیا لنجار کا کہنا ہے کہ کوکین استعمال کرنے والوں کا نام پردے میں رہنا چاہیے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی کی مبینہ ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کی گرفتاری اور اس کے منشیات کے نیٹ ورک کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے صوبائی ایوان کو مطلع کیا کہ ملزمہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلا چیلنج دے رکھا تھا، جسے پولیس نے کامیابی سے پورا کر دکھایا ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے اسمبلی فلور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پنکی نے چیلنج دیا تھا کہ مجھے پکڑ کر دکھاؤ، اور ہم نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے ملزمہ کی گرفتاری کو پولیس کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ قانون سے بڑھ کر کوئی بھی نہیں ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کوکین استعمال کرنے والوں کا نام پردے میں رہنا چاہیے، جبکہ پنکی نیٹ ورک کے کارندوں کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کو چند روز قبل کراچی پولیس اور ایک حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اس کیس نے سیاسی اور سماجی حلقوں میں کافی ہلچل مچا دی ہے۔

ملزمہ پر کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پچھلے پندرہ سال سے منشیات کی سپلائی کا ایک منظم اور بڑا نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے، اور اس کی گرفتاری کے بعد سے پولیس اس کے پورے گروہ کو بے نقاب کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

Read Comments