'آرسینل' 22 سال بعد فٹبال کی پریمیئر لیگ کا چیمپئن بن گیا
لندن کے مشہور ”آرسینل فٹ بال کلب“ نے 22 سال بعد انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کا باقاعدہ فیصلہ منگل کے روز اس وقت ہوا جب لیگ میں دوسرے نمبر پر موجود ٹیم مانچسٹر سٹی اور بورن ماؤتھ کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
اس ڈرا میچ کے نتیجے میں آرسینل کو پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی ہے، جبکہ اب لیگ میں صرف ایک میچ باقی بچا ہے۔ اتوار کے روز کرسٹل پیلس کے خلاف ہونے والا آرسینل کا آخری میچ اب محض ایک رسمی جشن کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
آرسینل نے پیر کے روز برنلے کو ایک صفر سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی تھی، جس کے بعد مانچسٹر سٹی کے لیے ضروری تھا کہ وہ ٹائٹل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے بورن ماؤتھ کو ہر حال میں شکست دے۔ تاہم میچ کے پہلے ہاف میں ایلی جونیئر کروپی کے گول نے سٹی کو دباؤ میں ڈال دیا۔
اگرچہ میچ کے آخری لمحات میں ارلنگ ہالینڈ نے ایک گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، لیکن یہ سٹی کو جیت دلانے کے لیے کافی نہ تھا۔ اس ناکامی کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی کے مینیجر پیپ گارڈ یولا کے دور کا اختتام بھی قریب دکھائی دے رہا ہے جو ایک دہائی تک کلب سے وابستہ رہنے کے بعد رواں سیزن کے آخر میں رخصت ہو رہے ہیں۔
مِکیل آرٹیٹا کی زیرِ نگرانی آرسینل کی ٹیم گزشتہ تین سیزن سے دوسرے نمبر پر آ رہی تھی، لیکن اس بار انہوں نے ہمت نہ ہاری اور کلب کو چودہویں بار انگلش چیمپئن بنوا دیا۔
آرسینل کی یہ کامیابی سن 04-2003 کے اس یادگار سیزن کے بعد پہلی بڑی کامیابی ہے جب آرسین وینگر کی قیادت میں ٹیم نے بغیر کوئی میچ ہارے لیگ جیتی تھی۔ مکیل آرٹیٹا اب آرسینل کی تاریخ کے سب سے کم عمر مینیجر بن گئے ہیں جنہوں نے محض 44 سال کی عمر میں یہ بڑا اعزاز حاصل کیا ہے۔
اس شاندار کامیابی پر نارتھ لندن کی گلیوں میں جشن کا سماں ہے اور ہزاروں مداح ایمریٹس اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو کر خوشیاں منا رہے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھی سوشل میڈیا پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بائیس سال کے طویل صبر کے بعد آرسینل دوبارہ وہاں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا حق تھا۔ وزیراعظم کیئر اسٹارمر خود آرسینل کے بڑے پرستار ہیں۔
آرسینل کے پاس اس سیزن کو مزید یادگار بنانے کا ایک اور موقع بھی ہے، کیونکہ 30 مئی کو بڈاپسٹ میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے خلاف ان کا چیمپئنز لیگ کا فائنل ہونے والا ہے، جسے جیت کر یہ ٹیم کلب کی 140 سالہ تاریخ کی عظیم ترین ٹیم بن سکتی ہے۔