امریکا ایران مذاکرات بحالی کی کوششیں: وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات

ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے میں استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
شائع 20 مئ 2026 11:29pm

امریکا ایران مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے میں استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان تہران میں اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورت حال اور امریکا ایران مذاکرات کی پیشرفت پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے علاقائی تعاون اور استحکام کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ایرانی صدر نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بات چیت اور افہام و تفہیم کے عمل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور خطے میں سفارتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاسدارانِ انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے اعلیٰ کمانڈر احمد وحیدی سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی امن و امان کی صورت حال پر گفتگو ہوئی جب کہ پاک ایران تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی امور پر اہم ملاقات، مختلف معاملات زیرِ بحث آئے۔

یاد رہے کہ پاکستان پسِ پردہ سفارتی کوششوں کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک ہفتے کے دوران دوسری بار ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق یہ محسن نقوی کا ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ایران کا دوسرا دورہ ہے، جسے خطے میں جاری کشیدگی اور امریکا ایران رابطوں کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں ایران نے امریکا کی تازہ تجویز کے جواب میں 14 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے جب کہ پاکستان اس عمل میں دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔

اس سے قبل اپنے حالیہ دورۂ تہران میں محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیاں سے طویل ملاقات کی تھی، جو تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور سفارتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور مذاکراتی عمل میں سہولت کاری کی کوششیں کرتا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کا بار بار تہران جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے میں بیک ڈور ڈپلومیسی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور پاکستان خود کو ایک اہم ثالث کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Read Comments