عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی: امریکی خام تیل بھی سستا ہوگیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کو ”آخری مرحلے“ میں قرار دینے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جب کہ امریکی خام تیل 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا ہے۔
خبر رساں ادارے سی این بی سی کے مطابق عالمی منڈی میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اس وقت بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ جلد کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 6 فیصد سے زائد کمی کے بعد 97.74 ڈالر فی بیرل تک آگئی جب کہ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 6 فیصد کمی کے بعد 104.62 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ دن کے آغاز پر برینٹ کروڈ آئل 88 سینٹس یا 0.8 فیصد کمی کے بعد 110.40 ڈالر فی بیرل پر آگیا تھا جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 67 سینٹس یا 0.6 فیصد کمی کے بعد 103.48 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد سے سرمایہ کاروں میں وقتی اطمینان پیدا ہوا، جس کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔ اس سے قبل بھی ان کی جانب سے مثبت بیانات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کئی ہفتوں سے تعطل برقرار ہے، جہاں ایران نے آبنائے ہرمز میں رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں جب کہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر دباؤ بڑھایا ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز کو دنیا میں تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے اہم ترین تجارتی راستوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ادھر خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چند بحری جہازوں کی آبنائے ہرمز سے محدود نقل و حرکت نے بھی مارکیٹ کو وقتی ریلیف دیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے یا خطے میں دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھی تو تیل کی قیمتیں دوبارہ 120 سے 200 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے باعث رواں برس عالمی تیل منڈی شدید اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ کچھ روز قبل برینٹ خام تیل کی قیمت ایک سو چھبیس ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔