دھرو راٹھی کی شرط پوری، کیا اب 'کاکروچ جنتا پارٹی' جوائن کریں گے؟

کاکروچ جنتا پارٹی بیرونی سازش نہیں نوجوانوں کے اندر موجود غصے اور مایوسی کی ایک جھلک ہے: دھرو راٹھی
اپ ڈیٹ 22 مئ 2026 02:20pm

بھارت کے معروف کانٹینٹ کریئیٹر دھرو راٹھی نے بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی طنزیہ مہم ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ وی لاگ میں نہ صرف اس مہم کے خلاف جاری پراپیگنڈے کا جواب دیا بلکہ اس میں شامل ہونے کے لیے ایک شرط بھی رکھی تھی جو اب پوری ہوچکی ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے تضحیک آمیز انداز میں نوجوانوں کو ’کاکروچ‘ کہنے کے بعد سوشل میڈیا پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے شروع ہونے والی طنزیہ تحریک کا اب دنیا بھر میں چرچا ہے۔

کاکروچ جنتا پارٹی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر صرف دو دن میں 6 ملین فالوورز کے بعد اب اس تعداد میں ہر دن مسلسل اضافہ ہورہا ہے، یہ تعداد اب 20 ملین تک پہنچ چکی ہے۔

ابھیجیت دیپکے نامی نوجوان کی جانب سے شروع کی گئی یہ طنزیہ تحریک اب سنجیدہ مسائل پر توانا آواز بنتی نظر آرہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں بھی اب اس تحریک کے حوالے سے بحث ہونے لگی ہے۔

معروف یوٹیوبر اور سیاسی کمنٹیٹر دھرو راٹھی نے بھی انسٹاگرام پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں اس مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض لوگ ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کو بیرونی سازش یا حکومت مخالف پروپیگنڈا قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن انہیں اب یہ سمجھ لینا چاہئے یہ نوجوانوں کے اندر موجود غصے اور مایوسی کی ایک جھلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام اوپر سے نیچے تک کرپشن کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث نوجوان طبقے میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ تحریک اب ایک ’جین زی تحریک‘ کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں حکومت، بیوروکریسی اور میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے بے روزگاری، کرپشن، تعلیمی شعبے کے مسائل اور میڈیا کے کردار پر بھی تنقید کی۔

تعلیمی نظام پر گفتگو کرتے ہوئے دھرو راٹھی نے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے حامیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ’نیٹ پیپر لیک‘ کے معاملے پر زیادہ توجہ دیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں۔

واضح رہے کہ بھارت میں میڈیکل کے سب سے بڑے داخلہ امتحان ’نیٹ‘ کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے اسکینڈل نے پورے ملک کے تعلیمی اور امتحانی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس سنگین بے ضابطگی کے بعد حکومت نے مئی 2026 کا امتحان منسوخ کر دیا ہے اور پورے معاملے کی تحقیقات ’سی بی آئی‘ کے سپرد کر دی ہیں۔

دھرو راٹھی نے اپنی ویڈیو میں اسی مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک کا نوجوان اگر کسی چیز سے سب سے زیادہ پریشان ہے تو وہ تعلیمی نظام ہے۔

انہوں نے کاکروچ پارٹی سے مطالبہ کیا کہ میری صرف ایک درخواست ہے کاکروچ جنتا پارٹی وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرے اور اس نکتے کو خاص طور پر اپنے منشور میں شامل کرے۔

ویڈیو کے اختتام پر دھرو راٹھی کا کہنا تھا اگر ایسا ہوا تو وہ خود بھی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا حصہ بن جائیں گے۔

دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے میڈیکل امتحانات منسوخ کرنے اور لاکھوں طلبا کا مستقبل خراب کرنے پر بھارت کے وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے خلاف آن لائن مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ابھیجیت دیپکے نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اب اصلی کام کرنے کا وقت آگیا ہے جس میں ہم سب دھرمندرہ پردھان کا استعفا مانگے گیں جس کے لیے آپ آن لائن پٹیشن پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب زیادہ سے زیادہ نمبرز پر سائن کریں اور اسے سپورٹ کریں۔

Read Comments