ویڈیو: سمندر میں اترتے ہی ایلون مسک کے اسٹار شپ میں دھماکہ
ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے سب سے بڑے اور طاقتور راکٹ اسٹارشپ ”وی تھری“ کی ایک کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی، جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی اور بحرِ ہند میں لینڈنگ کے بعد منصوبہ بند دھماکے کے ساتھ ختم ہوئی۔
یہ تاریخی تجربہ جمعہ کے روز کیا گیا، جب اسٹارشپ ”وی تھری“ نے خلا میں پرواز کرتے ہوئے اپنے زیادہ تر اہم مقاصد حاصل کر لیے۔ تاہم مشن کے دوران راکٹ کے دونوں مراحل میں انجن کی کچھ خرابیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا، جس کے باوجود پرواز جاری رہی۔
اس لانچ کو ایک دن کی تاخیر کے بعد انجام دیا گیا تھا، کیونکہ لانچ ٹاور میں ایک ہائیڈرولک پن کی خرابی سامنے آئی تھی جس کی وجہ سے فوری طور پر پرواز روک دی گئی تھی۔ خرابی دور کرنے کے بعد مشن کو دوبارہ شیڈول کیا گیا۔
پرواز کے اختتام پر اسٹارشپ بحرِ ہند میں داخل ہوا اور وہاں اترنے کے بعد ایک بڑا دھماکہ ہوا، جسے کمپنی نے پہلے سے منصوبہ بند قرار دیا ہے۔ اسپیس ایکس کا کہنا ہے کہ اس تجربے میں استعمال ہونے والا خلائی جہاز دوبارہ استعمال کے لیے نہیں تھا، اس لیے لینڈنگ کے بعد اسے محفوظ طریقے سے تباہ کرنا مشن کا حصہ تھا۔
اسٹارشپ وی تھری کو اب تک کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ قرار دیا جاتا ہے، اور یہ آزمائش، اسپیس ایکس کے مستقبل کے مشنوں، خصوصاً چاند اور مریخ تک انسانی پروازوں کی تیاری کا اہم حصہ سمجھی جا رہی ہے۔