فیفا ورلڈ کپ 2026: کون سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز ٹورنامنٹ میں نظر نہیں آئیں گے؟
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں دنیا کے بہترین فٹبالرز شمالی ایکشن میں نظر آئیں گے، تاہم کئی بڑے اسٹارز یا تو اپنی ٹیموں کے کوالیفائی نہ کرنے یا انجریز کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق جارجیا کے اسٹار ونگر خویچا کواراتسخیلیا اپنی ٹیم کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے، جبکہ پولینڈ کے تجربہ کار اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈوسکی بھی ٹیم کی ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکا، جس کے باعث عالمی شہرت یافتہ گول کیپر جیانلوئیجی ڈوناروما اور مڈفیلڈر سینڈرو ٹونالی بھی ایونٹ سے محروم رہیں گے۔
نائجیریا کی ناکامی نے وکٹر اوسیمہن اور ایڈیمولا لکمین جیسے بڑے ستاروں کو بھی ورلڈ کپ سے دور کردیا، جبکہ کیمرون کے برائن ایمبیومو بھی ٹیم کے باہر ہونے کے باعث شرکت نہیں کرسکیں گے۔
انجریز بھی کئی اسٹار کھلاڑیوں کے خواب توڑ گئیں۔ فرانس کے ہیوگو ایکیٹیکے، برازیل کے ایسٹیواؤ اور روڈریگو، نیدرلینڈز کے زاوی سیمنز اور جاپان کے تاکومی مینامینو سمیت متعدد کھلاڑی شدید انجریز کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
اس کے علاوہ انگلینڈ نے کول پامر اور فل فوڈن کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا، جبکہ برازیل کے ایڈر میلیتاؤ، جواؤ پیڈرو اور ریچارلیسن بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
سلووینیا کے یان اوبلاک اور ہنگری کے ڈومینک سوبوسزلائی بھی اپنی ٹیموں کے کوالیفائی نہ کرنے کے باعث ورلڈ کپ میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔