ایران کا صوبے ہرمزگان میں اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

اسرائیل کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
شائع 24 مئ 2026 06:50pm

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے جنوبی صوبے ہرمزگان میں ایک اسرائیلی نگرانی ڈرون مار گرایا، تباہ شدہ ڈرون کا ملبہ ایرانی بحریہ کے تعاون سے برآمد کرلیا گیا جب کہ اسرائیل کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز ایرانی فوج نے ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں کارروائی کرتے ہوئےایک اسرائیلی جاسوس اور نگرانی کرنے والے ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا، یہ کارروائی ایرانی فوج نے بحری افواج کے ساتھ مل کر انجام دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مار گرائے گئے ڈرون کی شناخت اسرائیل کے ساختہ آربیٹر ڈرون کے طور پر ہوئی ہے اور اس کا تباہ شدہ ملبہ ایرانی بحریہ کے تعاون سے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مذکورہ ڈرون اسرائیلی ساختہ تھا اور نگرانی کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں سیکیورٹی صورت حال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل احمد وحیدی نے خبردار کردیا کہ کسی بھی نئی جارحیت کا جواب صرف علاقائی نہیں۔ تباہ کن اور خوفناک ہوگا۔

بیان میں جنرل احمد وحیدی نے کہا دشمن پہلے بھی 40 دن کی جنگ میں پسپائی کے بعد جنگ بندی پر مجبور ہوا۔ ایرانی مسلح افواج کے فیصلہ کن ردعمل اور عوامی حمایت نے دشمن کے مقاصد ناکام بنا دیے۔

جنرل احمد وحیدی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل جنگ میں ایرانی قوم فتح یاب ہوئی۔ ملک کا حقیقی اور اسٹریٹجک اثاثہ پرعزم عوام ہیں۔ جن کا اتحاد دشمن کی ہر سازش اور نفوذ کے سامنے ایک ناقابل تسخیر قلعہ ہے۔ ایران کسی بھی صورت میں اپنی دفاعی طاقت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

Read Comments