صبح یا دوپہر کی دھوپ: وٹامن ڈی حاصل کرنے کا صحیح وقت کیا ہے؟
انسانی جسم کی مضبوطی اور نشوونما کے لیے وٹامن ڈی انتہائی ضروری ہے، یہ ہڈیوں، پٹھوں اور مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کا سب سے بڑا اور مفت قدرتی ذریعہ سورج کی روشنی ہے۔ لیکن اکثر یہ الجھن رہتی ہے کہ سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے دن کا کون سا وقت زیادہ موزوں ہے؟
ماہرین صحت کے مطابق صبح سات سے دس بجے کے درمیان دھوپ لینا سب سے محفوظ اور فائدہ مند ہے۔ اس وقت جسم کو وٹامن ڈی بنانے کے لیے مناسب روشنی مل جاتی ہے جبکہ گرمی کی شدت اور جلد کو پہنچنے والے نقصان کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
دوپہر کے اوقات، یعنی ساڑھے دس سے ساڑھے تین بجے تک سورج کی شعاعیں بہت تیز ہوتی ہیں اور جسم تیزی سے وٹامن ڈی بناتا ہے۔ تاہم یہی وقت جلد کے جلنے، جسم میں پانی کی کمی، تھکن اور ہیٹ اسٹروک جیسے مسائل کا خطرہ بھی بڑھا دیتا ہے، خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی بننے کی اس تیزی کو حفاظت کے ساتھ الجھانا نہیں چاہیے۔ شدید گرمی میں کمزور افراد کو سر درد یا پانی کی کمی کی شکایت ہو سکتی ہے اس لیے دوپہر کی بجائے صبح کی ہلکی دھوپ میں بیٹھنا ہی سمجھداری ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی حاصل کرنے کے لیے طویل وقت تک تیز دھوپ میں کھڑا ہونا ضروری نہیں۔ زیادہ تر صحت مند افراد کے لیے ہفتے میں چند بار 15 سے 30 منٹ تک چہرے، بازوؤں یا ٹانگوں کو دھوپ لگانا کافی ثابت ہو سکتا ہے۔ البتہ جلد کی رنگت، عمر، موسم اور جسم میں وٹامن ڈی کی موجودہ مقدار کے مطابق یہ دورانیہ مختلف ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گہری رنگت والے افراد کو تھوڑی زیادہ دیر دھوپ کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان کی جلد میں موجود میلانین وٹامن ڈی بننے کا عمل سست کر دیتا ہے۔
صحت مند رہنے کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ روزانہ یا ہفتے میں چند دن صبح کے وقت چہل قدمی، ہلکی ورزش یا کھلی فضا میں کچھ وقت گزارا جائے۔ ساتھ ہی جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنا اور شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں رہنے سے گریز کرنا بھی ضروری ہے۔
جو لوگ دفتری مصروفیات یا موسم کی خرابی کی وجہ سے مناسب دھوپ نہیں لے پاتے، وہ اپنی روزمرہ خوراک سے بھی کچھ حد تک وٹامن ڈی حاصل کر سکتے ہیں۔ فیٹی مچھلی، انڈے کی زردی، مشروم اور فورٹیفائیڈ دودھ اس کا بہترین ذریعہ ہیں۔
مزید برآں، یہ بات بھی قابل غور ہے کہ تیز دھوپ میں نکلتے وقت سن اسکرین کا استعمال جلد کو محفوظ تو رکھتا ہے، لیکن یہ جسم میں وٹامن ڈی بننے کے عمل کو بھی قدرے مدھم کر دیتا ہے۔ اس لیے صبح کی ہلکی اور محفوظ دھوپ پندرہ بیس منٹ کے لیے بغیر کسی کریم کے لینا زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
نوٹ: اگر کسی میں وٹامن ڈی کی شدید کمی ہو جائے تو صرف دھوپ اور خوراک کافی نہیں ہوتی، ایسے باقاعدہ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات کا استعمال کرنا لازمی ہو جاتا ہے۔