آج رات آسمان پر نایاب ’بلیو مائیکرو مون‘ کا نظارہ، ماہرین فلکیات نے اہم تفصیلات بتا دیں
آج رات (31 مئی) آسمان پر ایک منفرد اور نایاب فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ’’بلیو مائیکرو مون‘‘ طلوع ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ ایک ایسا غیر معمولی منظر ہے جو ہر چند برس بعد ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
یہ چاند اس لحاظ سے خاص ہے کہ مئی کے مہینے میں دوسری بار مکمل چاند نمودار ہو رہا ہے۔ فلکیاتی اصطلاح میں ایک ہی کیلنڈر مہینے کے دوران نظر آنے والے دوسرے مکمل چاند کو ’’بلیو مون‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس سے قبل یکم مئی کو مکمل چاند طلوع ہوا تھا جبکہ آج مہینے کا دوسرا مکمل چاند نظر آئے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آج کا بلیو مون ایک ’’مائیکرو مون‘‘ بھی ہوگا۔ ماہرین کے مطابق چاند اس وقت اپنے مدار میں زمین سے نسبتاً سب سے زیادہ فاصلے پر موجود ہوگا، جس کی وجہ سے یہ معمول کے مکمل چاند کے مقابلے میں قدرے چھوٹا اور کم روشن دکھائی دے گا۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’’بلیو مون‘‘ کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ چاند کا رنگ نیلا ہو جائے گا۔ درحقیقت یہ نام صرف ایک نادر کیلنڈری ترتیب کی نشاندہی کرتا ہے۔ چاند اپنے معمول کے سفید اور چمکدار رنگ میں ہی نظر آئے گا۔
ماہرین کے مطابق چاند آج زمین سے تقریباً 4 لاکھ 6 ہزار کلومیٹر دور ہوگا، جس کے باعث اس کا حجم عام مکمل چاند کے مقابلے میں تقریباً 7 فیصد چھوٹا اور چمک 30 فیصد تک کم محسوس ہو سکتی ہے، تاہم یہ فرق عام آنکھ سے واضح طور پر محسوس کرنا آسان نہیں ہوگا۔
سائنسدانوں نے اس موقع پر عوام کو یاد دلایا ہے کہ بلیو مون کا انسانی صحت، رویوں یا روزمرہ زندگی پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ یہ صرف ایک قدرتی فلکیاتی مظہر ہے جو آسمان سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک خوبصورت اور یادگار نظارہ ثابت ہوگا۔