نیتن ہاہو نے اسرائیلی فوج کو لبنان میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے لبنان میں فوجی کارروائی مزید وسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کو لبنان میں اپنی کارروائیوں کو بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں پہلے سے نافذ جنگ بندی کو 6 ہفتے سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے فوج کو لبنان میں مزید اندر تک کارروائی بڑھانے کا حکم دیا ہے، جہاں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی جاری ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بیان کے مطابق فوجی کارروائی کا مقصد لبنان میں حزب اللہ کے زیرِ اثر علاقوں میں اسرائیلی کنٹرول کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 900 سال پرانے بیوفورٹ قلعے اور ایک اہم اسٹریٹجک پہاڑی علاقے پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں دوبارہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران شہری علاقوں کے لیے انخلا کے نئے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں جب کہ جنوبی لبنان میں کئی مقامات پر صورتِ حال کشیدہ بنی ہوئی ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق کارروائی کا مقصد ان علاقوں میں اثر و رسوخ کم کرنا ہے جو ان کے بقول حزب اللہ کے کنٹرول میں تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ اور ڈرون حملوں کا تبادلہ بھی جاری ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق حالیہ کشیدگی کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جب کہ ہزاروں شہری شمالی اسرائیل سے بھی نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود فریقین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور خطے میں امن کی کوششوں کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ اسی دوران امریکی سطح پر بھی اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن کا مقصد ممکنہ امن معاہدے اور کشیدگی میں کمی کے امکانات تلاش کرنا ہے۔