چیمپئنز لیگ میں پی ایس جی کی جیت پر ہنگامے، ایک شخص ہلاک، 200 سے زائد زخمی

اس واقعے نے ملک میں سڑکوں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے بارے میں جاری بحث کو ایک بار پھر شدت دی ہے
شائع 01 جون 2026 09:10am

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی مسلسل دوسری چیمپئنز لیگ جیت کے بعد ہونے والی تقریبات کے دوران پرتشدد ہنگاموں میں ایک شخص ہلاک جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی وزارتِ داخلہ نے اتوار کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے ملک میں سڑکوں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے بارے میں جاری بحث کو ایک بار پھر شدت دی ہے۔

پی ایس جی نے ایک روز قبل سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ میں آرسنل کو شکست دے کر یورپی فٹبال میں اپنی برتری برقرار رکھی تھی۔ اتوار کی دوپہر ہزاروں شائقین ٹیم کے کھلاڑیوں کے استقبال اور فتح کے جلوس میں شرکت کے لیے چیمپ دی مارس میں جمع ہوئے تھے، جو ایفل ٹاور کے قریب واقع ہے۔

تاہم گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی جشن کی تقریبات رات بھر جاری رہنے والے پرتشدد واقعات کی نذر ہو گئیں۔

حکام نے بتایا کہ پیرس میں 57 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ دارالحکومت اور دیگر علاقوں سے 400 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران پیرس میں متعدد دکانوں اور کاروباری مراکز کو نقصان پہنچایا گیا، جبکہ مشتعل افراد نے گاڑیوں اور کرائے کی سائیکلوں کے اسٹینڈز کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔

وزیر داخلہ لورینٹ نونیز نے بتایا کہ صوبائی شہروں، خصوصاً اورلینز میں بھی سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

پیرس پولیس کے مطابق زیادہ تر مقامات پر پولیس کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم شہر کے وسط میں واقع ایک پولیس اسٹیشن کے باہر ہفتے کی شام مختصر جھڑپیں ہوئیں۔

پیرس کے پراسیکیوٹر آفس نے بتایا کہ بدامنی کے دوران ایک نوجوان موٹر سائیکل حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پیرس کے سابق پولیس چیف اور موجودہ وزیر داخلہ لوراں نونیز کی نگرانی میں 20 ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل بڑا سکیورٹی آپریشن تعینات کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کا منظم انداز میں مقابلہ کیا گیا اور مجموعی طور پر صورتحال قابو میں رہی۔

Read Comments