'شیطان پرستی' پر ایران میں کیفے کے خلاف کارروائی

لائیو میوزک، نوجوانوں کی موجودگی اور ’غیرمعمولی حرکات‘ پر ایرانی حکام کی کارروائی
اپ ڈیٹ 01 جون 2026 10:10am

ایران کے دارالحکومت تہران میں پولیس نے ایک کیفے کو مبینہ طور پر ”شیطانی سرگرمیوں“ کے فروغ کے الزام میں سیل کردیا، جبکہ کیفے کے اندر کی ویڈیو بھی سرکاری میڈیا پر جاری کردی گئی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق یہ کیفے تہران کی معروف ولیعصر اسٹریٹ پر واقع تھا، جہاں لائیو میوزک پروگرام منعقد کیے جا رہے تھے۔ جاری کی گئی ویڈیو میں مردوں اور خواتین کو میزوں کے گرد بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک گلوکار مائیک اور میوزک اسٹینڈ کے قریب پرفارم کر رہا ہے۔

ویڈیو میں بعض افراد کو موسیقی پر تالیاں بجاتے، موبائل فون سے ویڈیوز بناتے اور موسیقی کی دھن پر سر ہلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق تہران کی پبلک وینیوز پولیس نے کیفے کی سرگرمیوں سے متعلق شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی کی۔

ایرانی حکام نے الزام عائد کیا کہ کیفے میں مغربی موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جا رہے تھے اور وہاں نوجوان مرد و خواتین کیلئے ایسا ماحول فراہم کیا جا رہا تھا جسے پولیس نے ”گمراہ فرقوں“ سے جوڑا۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیفے میں آنے والے بعض افراد ”عجیب و غیرمعمولی حرکات“ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

یاد رہے کہ مئی 2024 میں بھی ایرانی پولیس نے ایک زیرزمین راک میوزک فیسٹیول پر چھاپہ مار کر 260 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا، جبکہ اس تقریب کو ”شیطان پرست اجتماع“ قرار دیا گیا تھا۔

Read Comments