راجستھان رائلز کے 15 سالہ کھلاڑی ویبھو سوریاونشی نے آئی پی ایل سے کتنا کمایا؟
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے دوران راجھستان رائلز کے 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھو سوریاونشی نے سیزن کے دوران شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر کو یادگار بنا دیا۔ ان کی ٹیم فائنل تک تو رسائی حاصل نہ کرسکی تاہم نوجوان کھلاڑی نے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان بیٹر سوریاونشی نے پورے سیزن میں سب سے زیادہ 776 رنز بنائے اور اورنج کیپ اپنے نام کی اور اس طرح وہ سیزن کے ٹاپ اسکورر بھی قرار پائے۔
انہیں راجستھان رائلز نے گزشتہ سیزن سے پہلے ہونے والی نیلامی میں 1.10 کروڑ بھارتی روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا، جبکہ اس سال ان کی ریٹینر رقم بھی وہی رہی۔ تاہم مستقل شاندار کارکردگی کے باعث ان کی مجموعی آمدن اس سے کہیں زیادہ رہی۔
اگرچہ راجستھان رائلز فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی، لیکن ویبھو سوریاونشی نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں شرکت کی۔ اس میچ میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے دو سالوں میں دوسری بار ٹائٹل جیتا۔
بعد ازاں انہیں پریزنٹیشن تقریب میں مدعو کیا گیا جہاں انہیں سیزن کا موسٹ ویلیو ایبل پلیئر قرار دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ انہیں سیزن کے بہترین کھلاڑی کے طور پر 15 لاکھ روپے دیے گئے۔ اورنج کیپ حاصل کرنے پر انہیں 10 لاکھ روپے ملے، جبکہ سپر اسٹرائیکر آف دی سیزن کے لیے بھی انہیں 10 لاکھ روپے اور ٹاٹا سیرا گاڑی بطور انعام دی گئی۔
اسی طرح سپر سکسز آف دی سیزن کے لیے بھی انہیں 10 لاکھ روپے دیے گئے، یہ اعزاز انہوں نے 72 چھکے لگا کر حاصل کیا۔ اس کے علاوہ انہیں ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن کا ایوارڈ بھی دیا گیا جس کے ساتھ 10 لاکھ روپے کی نقد رقم شامل تھی۔
ان سالانہ ریٹینر اور انعامی رقوم کے علاوہ سوریہ ونشی کو ہر میچ کے لیے 7.5 لاکھ روپے میچ فیس بھی ملی۔ انہوں نے سیزن میں 16 میچز کھیلے، جس کے نتیجے میں صرف میچ فیس سے ان کی آمدن 1.20 کروڑ روپے تک پہنچی۔
مزید یہ کہ انہیں مختلف میچ ڈے پرفارمنس ایوارڈز جیسے الیکٹرک اسٹرائیکر آف دی میچ اور موسٹ سکسز آف دی میچ پر بھی ہر بار 1 لاکھ روپے دیے گئے۔
مجموعی طور پر آئی پی ایل 2026 سیزن میں وائبھو سوریہ ونشی کی آمدن 2.50 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔