دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف

پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی: شاہین آفریدی
اپ ڈیٹ 02 جون 2026 08:22pm

لاہور میں کھیلے جا رہے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلوی بلے باز کیمرون گرین 53 اور کپتان جوش انگلس 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، میٹ رینشا نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

الیکس کیری بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، میتھیو شارٹ کو 15 رنز پر ابرار احمد نے آؤٹ کیا، مارنس لبوشین 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عرفات منہاس، حارث رؤف اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہی کھلاڑی میدان میں اتریں گے جنہوں نے پہلے میچ میں نمائندگی کی تھی۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں کامیابی حاصل کی جائے اور شائقین کرکٹ کو فتح کا تحفہ دیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، جبکہ دونوں ٹیمیں سیریز کے دوسرے مقابلے میں لاہور میں آمنے سامنے ہیں۔

Read Comments