معروف بھارتی سوشل میڈیا شخصیت 'خان سر' کے سینٹر پر حملہ

نقاب پوش افراد کا حملہ، کوچنگ سینٹر میں توڑ پھوڑ، سکیورٹی گارڈ زخمی
اپ ڈیٹ 03 جون 2026 03:33pm

بھارت: ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں معروف ماہرِ تعلیم خان سر کے کوچنگ سینٹر پر منگل کی رات نقاب پوش افراد نے حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں ایک سکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو گیا جبکہ عمارت کے باہر توڑ پھوڑ اور نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پولیس اور میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور رات کے وقت اچانک کوچنگ سینٹر کے باہر پہنچے اور حملے کی کارروائی کی ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے آغاز میں دو افراد کے درمیان جھگڑا ہوا جو بعد میں بڑے ہجوم کی صورت اختیار کر گیا۔ اس دوران سکیورٹی گارڈ پر بھی حملہ کیا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

این ڈی ٹی وی کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریباً ایک درجن نقاب پوش افراد کوچنگ سینٹر کے باہر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں مصروف ہیں۔ ویڈیو میں حملہ آوروں کو اینٹیں پھینکتے، پوسٹرز اور فلیکس بورڈز پھاڑتے اور عمارت کے باہر موجود املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا گیا۔

خان سر نے جن کا اصل نام فیصل خان ہے، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں واقعے کی اطلاع رات دیر گئے ملی، جس کے بعد وہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ خان سر نے بتایا کہ ان کے ادارے کے ہزاروں طلبہ نے بہار پولیس بھرتی امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی اور اسی مناسبت سے ایک تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے بعد انہیں دھمکیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ اس واقعے کے پیچھے بعض دیگر کوچنگ اداروں سے وابستہ افراد ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس واقعے میں کچھ طلبہ کے ملوث ہونے کا بھی امکان ہے۔ پولیس نے این ڈی ٹی وی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد حاصل کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔

Read Comments