کراچی کا موسم آج کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

خیبرپختونخوا کے بعض بالائی اور میدانی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے: محکمہ موسمیات
شائع 05 جون 2026 10:12am

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم دن بھر موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

اُدھر محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے، تاہم بعض بالائی اور میدانی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

صوبے کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق چترال میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ اور دیر میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مالم جبہ میں درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سیدو شریف میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

اسی طرح بنوں میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور ایبٹ آباد میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Read Comments