پانی کی بوتلوں پر تنازع، فیفا نے فیصلہ واپس لے لیا

عوامی غصے نے فیفا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔
شائع 06 جون 2026 12:15pm

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے شدید عوامی دباؤ کے بعد ورلڈ کپ 2026 کے اسٹیڈیمز میں پانی کی بوتلیں لانے پر پابندی کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

چند روز قبل فیفا نے اسٹیڈیم کے اندر پلاسٹک اور بار بار استعمال ہونے والی بوتلوں پر مکمل پابندی عائد کی تھی، جس پر سوشل میڈیا اورمختلف حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کی گئی۔

نیویارک سٹی کے میئر زہران ممدانی نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک تشویش ناک اقدام قرار دیا تھا کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ مداحوں کو اسٹیڈیم میں شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس بڑے ردعمل کے بعد اب فیفا نے اپنے فیصلے میں تبدیلی کرتے ہوئے کچھ نئی شرائط کے ساتھ پلاسٹک کی بوتلیں اندر لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

فیفا نے شروع میں یہ پابندی کھلاڑیوں اور ریفریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائی تھی کیونکہ انتظامیہ کو یہ ڈر تھا کہ میچ کے دوران کسی بات پر ناراض ہو کر تماشائی یہ بوتلیں میدان کے اندر نہ پھینک دیں۔

امریکہ کے کچھ اسٹیڈیمز میں پہلے ہی باہر سے پانی لانے پر پابندی تھی اور فیفا صرف اس قانون کو ہر جگہ لاگو کرنا چاہتا تھا۔ تاہم، اب نئے قوانین کے تحت ہر تماشائی کو اپنے ساتھ صرف ایک ہی پلاسٹک کی ڈسپوزایبل بوتل لے جانے کی اجازت ہوگی تاکہ وہ گرمی کے اس موسم میں خود کو تندرست رکھ سکیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمو شرگی نے ایک ویڈیو پیغام میں پانی کی اس نئی پالیسی کی وضاحت کی ہے۔

انہوں نے تماشائیوں کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ ہر تماشائی کو اپنے ساتھ ایک نرم، پلاسٹک کی، ڈسپوزایبل اور فیکٹری سے بند پانی کی بوتل لانے کی اجازت ہوگی جو 20 اونس یعنی 590 ملی لیٹر تک کی ہو۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ اسٹیل یا فائبر سے بنی سخت بوتلیں اسٹیڈیم کے اندر لے جانے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان سے سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں.

امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے اسٹیڈیمز میں اس قانون پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فیفا نے اسٹیڈیمز کے باہر مداحوں کی سہولت کے لیے پانی پینے کے بڑے اسٹیشنز، ٹھنڈے خیمے، پنکھے اور پانی کا چھڑکاؤ کرنے والی جگہیں بنانے کا بھی وعدہ کیا ہے تاکہ شدید گرمی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

فیفا کے تازہ فیصلے کو شائقین کی صحت اور سہولت کے حوالے سے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب میزبان ممالک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ فٹ بال کا یہ بڑا عالمی میلہ 12 جون سے شروع ہو رہا ہے جس کا پہلا میچ میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Read Comments