گلگت بلتستان کا انتخابی معرکہ کل، اقتدار کا تاج کس کے سر سجے گا؟

تیاریاں مکمل، 24 حلقوں میں پولنگ کے دوران 396 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے
شائع 06 جون 2026 03:49pm

گلگت بلتستان اسمبلی کے چوتھے عام انتخابات کا میدان کل سجے گا، جہاں 24 حلقوں میں پولنگ کے دوران 396 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔ کئی ہفتوں پر محیط انتخابی مہم، جلسوں، وعدوں اور سیاسی الزام تراشیوں کے بعد اب فیصلہ تقریباً 9 لاکھ 58 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے ہاتھ میں آ گیا ہے، جو اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے چوتھے انتخابات کے انعقاد میں اب صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔ انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور کل 24 انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔

الیکشن میں مجموعی طور پر 396 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ بڑی تعداد میں آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار 480 ہے، جن میں 5 لاکھ 3 ہزار 772 مرد ووٹرز اور 4 لاکھ 54 ہزار 708 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے 1368 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران بھرپور سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔ جلسے، کارنر میٹنگز، عوامی رابطہ مہمات، ترقیاتی وعدے اور ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

انتخابی میدان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 23 حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) 22 نشستوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے 15 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن )نے 11 امیدوار نامزد کیے ہیں۔ اسی طرح پاکستانی نظریاتی پارٹی کے 10 امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔

تحریک انصاف کے 19 امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں، جبکہ آزاد امیدواروں کی مجموعی تعداد 266 ہے، جو کئی حلقوں میں مقابلے کو مزید دلچسپ بنا رہی ہے۔

اس انتخابی معرکے میں 8 خواتین امیدوار بھی حصہ لے رہی ہیں، جو مختلف حلقوں سے اپنی سیاسی قسمت آزمائیں گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق گلگت بلتستان کے یہ انتخابات نہ صرف مقامی سیاست بلکہ قومی سیاسی منظرنامے پر بھی اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں، جس کے باعث تمام بڑی جماعتوں کی نظریں انتخابی نتائج پر مرکوز ہیں۔

Read Comments