کینیڈا میں فیفا ورلڈ کپ کی دوسری افتتاحی تقریب، نورا فتحی کی شاندار پرفارمنس

ٹورنٹو میں موسیقی، روشنیوں اور ثقافتی رنگوں نے شائقین کو سحر میں مبتلا کر دیا۔
شائع 12 جون 2026 11:09pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریبات کے سلسلے میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں شان دار رنگا رنگ شو کا انعقاد کیا گیا، جہاں عالمی فن کاروں کی پرفارمنس نے اسٹیڈیم کو جوش و خروش سے بھر دیا۔

کینیڈا میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں موسیقی، رقص اور ثقافتی مظاہر کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران معروف اداکارہ اور گلوکارہ نورا فتحی اسٹیج پر جلوہ گر ہوئیں، جن کی پرفارمنس کو شائقین نے بھرپور داد دی۔

اس موقع پر ویجی ڈریم اور سنجے نے بھی اپنی پرفارمنس سے ماحول کو مزید گرما دیا۔ تیز دھڑکنوں والی موسیقی اور جدید اسٹیج لائٹس نے تقریب کو ایک عالمی معیار کا شو بنا دیا۔

افتتاحی تقریب کے دوران ویجی ڈریم کی پرفارمنس خاص توجہ کا مرکز رہی۔ فرانسیسی گلوکار 2018 میں فرانس کی ورلڈ کپ فتح کے بعد اپنے مقبول گانے ’رامینے لا کوپ آ لا میزون‘ کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔

یہ گانا فرانس کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ناموں پر مشتمل تھا اور ریلیز کے بعد فرانس کے میوزک چارٹس میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا تھا۔

اسٹیڈیم میں موجود شائقین مختلف ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ اپنی ٹیموں کے لیے جوش و خروش کا اظہار کرتے رہے۔ منتظمین کے مطابق اس افتتاحی شو کا مقصد نہ صرف ورلڈ کپ کے آغاز کو یادگار بنانا تھا بل کہ کینیڈا کی ثقافتی تنوع اور عالمی ہم آہنگی کو بھی اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے اختتام پر ماحول خوشی اور جوش سے بھر گیا، جب کہ شائقین نے اس شاندار آغاز کو ورلڈ کپ کی ایک یادگار شروعات قرار دیا۔ اس کے بعد میزبان کینیڈا اپنا پہلا میچ بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف کھیلے گا۔

واضح رہے کہ جمعرات کو میکسیکو سٹی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا، جہاں میکسیکو کی ثقافتی جھلکیاں اور فن کاروں کی شاندار پرفارمنس نے شائقین کی توجہ سمیٹی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز تین میزبان ممالک میں بیک وقت ہو رہا ہے، کینیڈا کے بعد امریکا میں بھی اپنے اپنے میچز سے قبل افتتاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جسے فٹ بال تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔

Read Comments