گلگت بلتستان: پہاڑی چوٹی سر کرتے ہوئے فرانسیسی کوہ پیما ہلاک

تین رکنی غیر ملکی ٹیم حادثے کا شکار، دو کوہ پیما زخمی، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری
شائع 25 جون 2026 09:32am

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہوشے میں بلتستان پیک نامی پہاڑی چوٹی سر کرنے کی کوشش کے دوران برفانی تودے کی زد میں آکر 40 سالہ فرانسیسی کوہ پیما ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے کوہ پیما کی شناخت پیئر گیلوم کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 7,282 میٹر بلند چوٹی کو سر کرنے والی تین رکنی بین الاقوامی مہم کا حصہ تھا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثہ چڑھائی کے دوران پیش آیا جب اچانک برف اور چٹانوں کا تودہ کوہ پیما پر آ گرا، جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

واقعے کے فوراً بعد متعلقہ اداروں نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ امدادی ٹیمیں دشوار گزار علاقے میں زخمی کوہ پیماؤں تک رسائی اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے کوہ پیما کی شناخت فرانسیسی شہری کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کی حالت اور مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل طفیل احمد میر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متعلقہ ادارے صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی جغرافیائی صورتحال اور موسمی حالات کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط سے انجام دیا جا رہا ہے۔

Read Comments