جارجیا کی پارلیمنٹ میں شدید ہنگامہ آرائی، ارکان ایک دوسرے پر چڑھ دوڑے

ایوان کا ماحول چند ہی لمحوں میں انتہائی کشیدہ ہوگیا، جہاں ارکان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے: عینی شاہدین
شائع 27 جون 2026 09:37am

جارجیا کی پارلیمنٹ میں وزیرِ اعظم یراکلی کوباخیدزے کی جانب سے حکومت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد ہونے والے سوال و جواب کے سیشن کے دوران شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جہاں حکمران جماعت اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ہنگامے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب اپوزیشن جماعت فور جارجیا کے رکن جورجی شراشیدزے نے حال ہی میں آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کے جارجیا کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرِ اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جب صدر الہام علیئیف جارجیا آئے تھے تو پورے ملک نے وہ مناظر دیکھے تھے، جن میں آپ ایک کونے میں کھڑے تھے۔ اس سے حکومت میں آپ کی حقیقی حیثیت اور کردار واضح ہوتا ہے۔

بعد ازاں پارلیمانی کارروائی کے دوران اپوزیشن جماعت فور جارجیا اور حکمران جماعت جارجین ڈریم کے ارکان ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔

ابتدا میں دونوں جانب سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کر ایک دوسرے کی جانب بڑھ گئے اور ایوان میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ایوان کا ماحول چند ہی لمحوں میں انتہائی کشیدہ ہوگیا، جہاں ارکان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوئے۔

ہنگامہ آرائی کے باعث پارلیمانی کارروائی متاثر ہوئی، جبکہ دیگر ارکان اور عملے نے مداخلت کرکے جھگڑا ختم کرانے کی کوشش کی۔

یہ ہنگامہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیرِ اعظم حکومت کی سالانہ کارکردگی پر ارکان کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔ سیاسی اختلافات اور سخت مؤقف کے باعث ماحول میں کشیدگی پیدا ہوئی، جو بعد ازاں جسمانی تصادم کی صورت اختیار کر گئی۔

تاحال اس واقعے کے حوالے سے کسی رکن کے زخمی ہونے یا تادیبی کارروائی کی سرکاری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم پارلیمنٹ میں پیش آنے والے اس واقعے نے ملک کی سیاسی فضا میں جاری کشیدگی کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا۔

Read Comments