'ضرورت پڑی تو فوجی کارروائی مکمل کی جائیگی': ٹرمپ کی ایران کا وجود مٹانے دھمکی

جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ایرانی میزائل، ڈرون ذخائر اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، امریکی صدر
شائع 28 جون 2026 08:52am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت فوجی کارروائی کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو شروع کی گئی فوجی مہم کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر امریکی طیاروں نے ایران کے متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی فضائیہ نے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائر، ساحلی ریڈار تنصیبات اور دیگر فوجی اہداف پر حملے کیے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی طیاروں نے ایرانی میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں کے علاوہ ساحلی ریڈار سائٹس کو بھی نشانہ بنایا۔

انہوں نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آسکتا ہے جب امریکہ کے لیے مزید تحمل کا مظاہرہ کرنا ممکن نہ رہے اور اسے وہ فوجی کارروائی مکمل کرنا پڑے جس کا آغاز پہلے ہی کامیابی سے کیا جا چکا ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو اس کے نتائج ایران کے لیے انتہائی سنگین ہوں گے اور اس کا وجود بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

Read Comments