دبئی سے سستا آئی فون منگوانے والوں کے لیے بری خبر

چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ میموری اور اسٹوریج چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
شائع 29 جون 2026 12:23pm

ایپل نے متحدہ عرب امارات میں اپنی کئی مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں سال متوقع آئی فون 18 پرو سیریز بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر متعارف کرائی جائے گی۔ اگرچہ کمپنی نے ابھی تک نئے آئی فون کی قیمت یا خصوصیات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم حالیہ قیمتوں میں اضافے نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔

ایپل کے متحدہ عرب امارات کے آن لائن اسٹور پر 26 جون کو نئی قیمتیں جاری کی گئیں، جن کے مطابق بعض مصنوعات کی قیمت میں ایک ہزار درہم سے بھی زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق ایم 5 چپ کے ساتھ 13 انچ میک بک ایئر، جو مارچ میں 4 ہزار 599 درہم میں متعارف کرایا گیا تھا، اب 5 ہزار 499 درہم میں دستیاب ہے۔ اسی طرح 15 انچ میک بک ایئر کی قیمت 5 ہزار 499 درہم سے بڑھ کر 6 ہزار 299 درہم ہو گئی ہے۔

سب سے زیادہ اضافہ 14 انچ میک بک پرو کی قیمت میں دیکھا گیا ہے۔ یہ ماڈل، جو رواں سال تقریباً 7 ہزار 199 درہم میں لانچ ہوا تھا، اب 8 ہزار 499 درہم میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک نے 17 جون کو وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا تھا کہ میموری اور اسٹوریج چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق سپلائی محدود ہے جبکہ صارفین کی طلب برقرار ہے، جس کے باعث میموری بنانے والی کمپنیاں بھی قیمتیں بڑھا رہی ہیں۔

بعد ازاں ایپل نے اعلان کیا کہ وہ دنیا بھر میں میک بک، آئی پیڈ اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہی رجحان آنے والی آئی فون 18 پرو سیریز میں بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نئے پرو ماڈلز میں 12 جی بی ریم دی جا سکتی ہے تاکہ ایپل اپنی مصنوعی ذہانت پر مبنی نئی سہولیات کو مزید بہتر انداز میں پیش کر سکے، جس سے ان کی تیاری کی لاگت بھی بڑھ سکتی ہے۔

مارکیٹ ریسرچ کے ادارے آئی ڈی سی کی سینئر ڈائریکٹر برائے ڈیٹا اینڈ اینالیٹکس نبیلہ پوپل کے مطابق حالیہ میک اور آئی پیڈ کی قیمتوں میں اضافے سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت میں 200 امریکی ڈالر تک اضافہ کیا جا سکتا ہے، جو پہلے لگائے گئے اندازوں سے دوگنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگے اسمارٹ فونز کی تیاری پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث معمول کے سالانہ 50 ڈالر اضافے کا دور شاید ختم ہو چکا ہے۔

اگر یہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی عالمی قیمت تقریباً 1 ہزار 249 سے 1 ہزار 299 امریکی ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1 ہزار 349 سے 1 ہزار 399 امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ مقامی ٹیکس اور علاقائی قیمتوں کا اطلاق اس کے علاوہ ہوگا۔

متحدہ عرب امارات میں اگر ایپل یہ مکمل اضافہ صارفین تک منتقل کرتی ہے تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت تقریباً 5 ہزار 400 سے 5 ہزار 500 درہم جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت تقریباً 5 ہزار 800 سے 5 ہزار 900 درہم تک پہنچ سکتی ہے۔ اس صورت میں یہ امارات میں فروخت ہونے والے اب تک کے مہنگے ترین مرکزی آئی فون ماڈلز ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز میں نئے اے 20 پرو چپ سیٹ، بڑی بیٹری، زیادہ روشن ڈسپلے، ویری ایبل اپرچر کیمرا سسٹم، نئی نسل کا سی 2 موڈیم اور آئی او ایس 27 کے ساتھ مزید جدید مصنوعی ذہانت کی سہولیات متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

ایپل نے ابھی تک آئی فون 18 سیریز کی قیمت، خصوصیات یا لانچ کی تاریخ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم مختلف صنعتی رپورٹس کے مطابق نئے آئی فونز کی لانچ ستمبر میں متوقع ہے۔

Read Comments