سڑک پر شراب نوشی کے الزامات پر بلال سعید کی وضاحت

بلال سعید اور گلوکارہ آئمہ بیگ اس وقت لندن میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
شائع 29 جون 2026 02:38pm

پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے مؤقف کی وضاحت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مختصر ویڈیو کلپ کو اصل صورتِ حال سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس کی وجہ سے غلط تاثر پیدا ہوا۔

بلال سعید اور گلوکارہ آئمہ بیگ اس وقت لندن میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں دونوں فنکاروں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں لندن کی سڑکوں پر مداحوں سے ملاقات کرتے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے آئمہ بیگ کے لباس پر تبصرے کیے، جبکہ کچھ افراد نے دونوں فنکاروں کے بارے میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھے۔ ان تبصروں کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔

ان الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے بلال سعید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ لندن میں اپنے نئے میوزک پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور وائرل ہونے والا مختصر کلپ مکمل حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویڈیو کو غور سے دیکھا جائے تو ان کے ہاتھوں میں کافی کے کپ موجود ہیں۔

بلال سعید نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کے بارے میں بغیر تصدیق رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کسی نے انہیں نشے کی حالت میں دیکھا یا ایسی کوئی واضح علامت دیکھی جس سے ان دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہو۔

گلوکار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سکھانے کی ضرورت نہیں کہ پاکستان کی نمائندگی کیسے کی جاتی ہے۔ ان کے بقول وہ کئی برسوں سے اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور آئندہ بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ ، انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے بغیر رضامندی کے ویڈیو ریکارڈ کی اور شیئر کی ان کا احتساب ہونا چاہیے۔

بلال سعید کے اس وضاحتی بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے بغیر ثبوت الزامات لگانے کو نامناسب قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے اپنی تنقید برقرار رکھی اور اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کیا۔

Read Comments