مراکش نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں مراکش نے نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دے کر آخری 16 ٹیموں میں جگہ بنا لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا تھا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ اس کامیابی کے ساتھ مراکش اب پری کوارٹر فائنل میں مشترکہ میزبان کینیڈا کا سامنا کرے گا۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم پہلے ہاف میں مراکش کو زیادہ بہتر مواقع ملے۔
نیدرلینڈز کے گول کیپر بارٹ فربروگن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مراکش کے مڈفیلڈر ایوب بوعدی کے قریبی فاصلے سے کیے گئے ہیڈر اور نیل العیناوی کی مضبوط کِک کو روک کر اپنی ٹیم کو خسارے سے بچائے رکھا۔
دوسری جانب مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور مکی فان ڈی وین کی دور سے لگائی گئی خطرناک کک کو شاندار انداز میں روکا۔
مراکش کے دفاعی کھلاڑی اشرف حکیمی مسلسل جارہانہ کھیل پیش کرتے رہے۔ انہوں نے ایک موقع پر کراس بار کو نشانہ بنایا جبکہ ایک اور کک کو فربروگن نے بچایا۔ نیدرلینڈز کے کوچ رونالڈ کومان نے حملے کو مضبوط بنانے کے لیے ووٹ ویگہورسٹ کو میدان میں اتارا، جن کی آمد کے بعد ٹیم کے کھیل میں واضح بہتری آئی۔
72ویں منٹ میں ویگہورسٹ نے ایک اہم ہیڈر کے ذریعے گیند کریسینسیو سمرول کے پاس پہنچائی۔ سمرول کی محنت سے بننے والے موقع پر کوڈی گاکپو نے پہلی ہی ٹچ پر گیند کو جال میں پہنچا کر نیدرلینڈز کو 0-1 کی برتری دلائی۔
گول کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ نیدرلینڈز یہ مقابلہ جیت لے گا۔ کپتان ورجل فان ڈائیک نے بھی ایک اہم موقع پر اسماعیل صیباری کی کوشش ناکام بنا کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔
تاہم انجری ٹائم میں مراکش نے زبردست واپسی کی۔ متبادل کھلاڑی شمس الدین طالبی نے بائیں جانب سے شاندار کراس دیا، جس پر عیسیٰ دیوپ نے ورجل فان ڈائیک سے بلند چھلانگ لگا کر طاقتور ہیڈر کے ذریعے گیند گول میں پہنچائی اور اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس گول کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں نے کئی حملے کیے لیکن کوئی بھی فیصلہ کن گول نہ کر سکی، جس کے بعد فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں مراکش کے نیل العیناوی اور نیدرلینڈز کے متبادل کھلاڑی جسٹن کلائیورٹ اپنی کوششوں میں ناکام رہے۔ بعد ازاں مراکش کے سفیان رحیمی کی پنالٹی کو بظاہر بارٹ فربروگن نے روکا، لیکن گیند ان کے ہاتھوں کے نیچے سے پھسل کر آہستہ آہستہ گول لائن عبور کر گئی۔
نیدرلینڈز کے کوئنٹن ٹمبر نے اپنی ٹیم کی چوتھی پنالٹی گول پوسٹ سے باہر مار دی، جبکہ اشرف حکیمی کے پاس مراکش کو فتح دلانے کا موقع تھا لیکن فٹبال پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ آخر میں اسماعیل صیباری نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے فیصلہ کن پنالٹی کامیابی سے گول میں پہنچائی، جبکہ اس سے قبل یاسین بونو نے کریسینسیو سمرول کی پنالٹی روک کر اپنی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی تھی۔
میچ کے بعد مراکش کے کھلاڑی اسماعیل صیباری نے اپنی فیصلہ کن پنالٹی کے ذریعے ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچایا، جبکہ گول کیپر یاسین بونو کی اہم سیو کو بھی کامیابی کا بڑا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نیدرلینڈز کے لیے کوڈی گاکپو کا جذباتی گول یادگار رہا، لیکن ان کی ٹیم برتری برقرار رکھنے میں ناکام رہی۔
مراکش اب ہفتے کے روز ہیوسٹن میں مشترکہ میزبان کینیڈا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں میدان میں اترے گا، جہاں وہ اپنی ورلڈ کپ مہم کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔