شہید خامنہ ای کی قیادت اور دانشمندی کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی: وزیراعظم

پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے: شہباز شریف
شائع

وزیراعظم نے ایران کے دورے کے دوران شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر مشکل وقت میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران پہنچے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ شہید آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت، دانشمندی اور بصیرت کو آنے والی نسلیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم سپریم لیڈر نے نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کی سیاست اور حالات پر گہرا اثر و رسوخ چھوڑا، جسے تاریخ میں اہم مقام حاصل رہے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ایرانی قیادت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہم اس مشکل وقت میں اپنے برادر ملک ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون، دوستی اور باہمی اعتماد کا رشتہ مستقبل میں بھی مزید مستحکم ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران کے گرینڈ امام خمینی مصلّیٰ میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات میں شریک ہوا تھا۔

وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹواور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی موجود تھے۔

Read Comments