انگلینڈ نے میکسیکو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد فیفا ورلڈ کپ میں میکسیکو کا سفر ختم۔
شائع 06 جولائ 2026 10:48am

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

انگلینڈ کی کامیابی میں جوڈ بیلنگھم نے دو گول کیے جبکہ ہیری کین نے ایک پنالٹی گول اسکور کیا۔ اب انگلینڈ کا اگلا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ناروے سے ہوگا، جس نے اپنے میچ میں برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا۔

ایزٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا آغاز خراب موسم کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر سے ہوا۔ میچ شروع ہوتے ہی میکسیکو نے اپنے شائقین کی بھرپور حمایت کے ساتھ جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم انگلینڈ کے دفاع اور گول کیپر جارڈن پکفورڈ نے ابتدائی حملوں کو ناکام بنا دیا۔ 15ویں منٹ میں میکسیکو کے راؤل خیمنیز کا ہیڈر پکفورڈ نے شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کو نقصان سے بچایا۔

انگلینڈ نے 32 ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب بوکایو ساکا کے کراس پر جوڈ بیلنگھم نے خوبصورت ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔ صرف دو منٹ بعد بیلنگھم نے ایک اور گول کر کے انگلینڈ کی برتری 0-2 کر دی۔ اس بار ہیری کین نے انہیں بہترین پاس فراہم کیا۔

دو گول کے خسارے کے باوجود میکسیکو نے ہمت نہیں ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل جولین کوئینونیس نے فری کک کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال میں گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور 1-2 کر دیا، جس سے میچ دوبارہ دلچسپ ہو گیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں انگلینڈ تیسرا گول کرنے کے قریب پہنچا لیکن نیکو او ریلی کی کوشش گول پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب دفاعی کھلاڑی جیریل کوانسہ کو جیسس گیارڈو پر خطرناک ٹیکل کرنے کے باعث وی اے آر جائزے کے بعد 54 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔ اس کے بعد انگلینڈ کو باقی میچ صرف 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود انگلینڈ نے حوصلہ برقرار رکھا۔ 60 ویں منٹ میں انتھونی گورڈن پر میکسیکو کے گول کیپر راؤل رانخیل نے فاؤل کیا، جس پر ریفری نے پنالٹی دی۔ ہیری کین نے اعتماد کے ساتھ پنالٹی کو گول میں تبدیل کر کے اپنی ٹیم کی برتری 1-3 کر دی۔

تاہم میکسیکو نے ایک بار پھر واپسی کی کوشش کی۔ اس مرتبہ ہیری کین سے دفاع کرتے ہوئے فاؤل ہوا اور وی اے آر کے جائزے کے بعد میکسیکو کو پنالٹی مل گئی۔ راؤل خیمنیز نے پنالٹی پر گول کر کے اسکور 2-3 کر دیا، جس کے بعد آخری بیس منٹ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوئے۔

میکسیکو نے مسلسل حملے کیے لیکن انگلینڈ کے دفاع اور گول کیپر نے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور آخرکار 2-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔

میچ کے بعد انگلینڈ کے کوچ تھامس ٹوخل نے کہا کہ یہ بہت مشکل مقابلہ تھا اور ان کی ٹیم نے ہر مشکل صورتِ حال کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ وہ مشکل وقت میں بھی ہار نہیں مانتے۔

دوسری جانب میکسیکو کے کوچ خاویئر آگیرے نے کہا کہ ان کی ٹیم نے بھرپور کوشش کی، لیکن چند غلطیوں کی قیمت چکانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کھلاڑیوں نے ایک مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیل پیش کیا۔

یہ میچ میکسیکو کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ ایزٹیکا اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کی تاریخ میں اسے پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انگلینڈ نے مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

Read Comments