میٹا کے نئے اے آئی فوٹو جنریٹر نے لانچ ہوتے ہی تنازع کھڑا کردیا
ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے ایک نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تصویر بنانے والا ٹول متعارف کرایا ہے جس کا نام ’میوز امیج‘ رکھا گیا ہے۔ اس نئے طریقے کی مدد سے لوگ اب واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر صرف لکھ کر اپنی پسند کی تصویریں بنوا سکتے ہیں۔ لیکن یہ نیا سوفٹ ویئر آتے ہی ایک بڑے تنازع کا شکار ہو گیا ہے کیونکہ اس میں ایک ایسا طریقہ رکھا گیا ہے جس سے کوئی بھی دوسرا شخص آپ کی اجازت کے بغیر آپ کی تصویریں بنا سکتا ہے۔
میٹا کے مطابق میوز امیج کی مدد سے لوگ اپنی مرضی کی تصاویر بنا سکتے ہیں، پرانی تصاویر میں تبدیلی کر سکتے ہیں، کارٹون انداز کی تصویریں تیار کر سکتے ہیں اور دعوت نامے یا پوسٹ کارڈ جیسی تصاویر بھی بنا سکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹول صارف کے دیے گئے حکم یعنی پرامپٹ کو سمجھ کر بہتر تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم، اس نئے فیچر کے سامنے آتے ہی پرائیویسی کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے۔ میٹا کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ نیا نظام تصویریں بنانے کے لیے انسٹاگرام کی معلومات کا استعمال کرتا ہے۔
اس کا آسان مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پبلک ہے اور اسے ہر کوئی دیکھ سکتا ہے، تو کوئی بھی دوسرا شخص اس اکاؤنٹ کو ٹیگ کر کے کر آپ کی شکل والی نئی تصویر تیار کروا سکتا ہے۔
اس معاملے پر کئی سوشل میڈیا صارفین کافی پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ اصل لوگوں کی اجازت کے بغیر اے آئی سے بنائی گئی تصاویر میں شامل کرنا عام شہریوں کی پرائیویسی پر ایک بڑا حملہ ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے قانون کے مطابق جب تک آپ کا اکاؤنٹ سب کے لیے کھلا ہے، تب تک دوسرے لوگ میٹا کے اس نئے طریقے سے آپ کی تصویروں کا استعمال کر کے نیا مواد بنا سکتے ہیں، البتہ ایسا ہونے پر آپ کو موبائل پر میسج کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔
کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی آپ کی شکل استعمال نہ کرے تو آپ موبائل کی سیٹنگ میں جا کر اس آپشن کو بند کر سکتے ہیں یا اپنے اکاؤنٹ کو پرائیویٹ کر سکتے ہیں، لیکن جو تصویریں پہلے ہی بن چکی ہوں گی وہ مٹائی نہیں جائیں گی۔
’میوز امیج‘میں کئی نئے فیچر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ صارفین پہلے سے تیار کردہ انداز یعنی پری سیٹس استعمال کر سکتے ہیں یا خود اپنی ہدایات لکھ کر تصویر بنوا سکتے ہیں۔
میٹا کے مطابق، یہ ٹول انسٹاگرام اسٹوریز کے لیے نئے اے آئی افیکٹس بھی فراہم کرے گا، جن میں تصاویر کے رنگ، انداز اور شکل کو تبدیل کیا جا سکے گا۔
میٹا سپر انٹیلیجنس لیبز کے سربراہ الیگزینڈر وانگ نے انٹرنیٹ پر بتایا کہ یہ نظام بہت سمجھدار ہے، یہ آپ کی لکھی ہوئی بات کو اچھی طرح سمجھتا ہے، معلومات تلاش کرتا ہے اور پھر پوری منصوبہ بندی کے ساتھ تصویر تیار کرتا ہے۔ اس نئے نظام کے ذریعے لوگ کارٹون والی تصویریں، شادی کے کارڈ اور دعوت نامے بھی بنا سکتے ہیں۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں میوز امیج کو بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ یہ ٹول مختلف اے آئی تصویر بنانے والے سسٹمز کی درجہ بندی میں اوپن اے آئی کے جی پی ٹی امیج 2 کے بعد نمایاں مقام پر موجود ہے۔ میٹا نے ساتھ ہی ایک اے ائی ویڈیو بنانے والے ٹول میوز ویڈیوکا بھی ذکر کیا ہے، جو ابھی تیاری کے مرحلے میں ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ سروس فی الحال بالکل مفت ہے لیکن اگر کوئی بہت زیادہ تصویریں بنائے گا تو اسے کچھ وقت انتظار کرنا پڑے گا یا پھر وہ کمپنی کے کسی ادا شدہ منصوبے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
کمپنی مستقبل میں اس فیچر کو فیس بک اور میسنجر پر بھی لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کا ارادہ ہے کہ اس سال کے آخر تک اس سہولت کو فیس بک پر بھی لے آیا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ میٹا کمپنی پر پہلے بھی لوگوں کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا چوری کرنے کے الزامات لگتے رہے ہیں اور ماضی میں انہیں اس وجہ سے بھاری جرمانے بھی دینے پڑے ہیں۔