پاکستان کا خطے میں کشیدگی پر اظہار تشویش، امریکا ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

فریقین اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کریں: ترجمان دفتر خارجہ
شائع 08 جولائ 2026 11:05pm

پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تنازع کا دوبارہ آغاز کسی کے مفاد میں نہیں، فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے کی گئی اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کریں۔

بدھ کو ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش ہے اور موجودہ صورت حال میں کسی نئے تنازع کا آغاز کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گزیر کریں جو خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مسلسل رابطے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں اور ان کا کوئی متبادل نہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یاد داشت (ایم او یو) کے تحت کیے گئے اپنے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں کیوں کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی احترام، افہام و تفہیم اور مشترکہ خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز اور آج صبح امریکا اور ایران نے آبنائے ہرمز سے ملحقہ علاقوں میں ایک دوسرے کے اہداف پر تازہ حملے کیے ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو انقرہ میں جاری نیٹو سمٹ کے دوران کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی جنگ بندی ’ختم‘ ہو چکی ہے۔

ادھر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ بھڑکنے والی کشیدگی کے تناظر میں تمام فریقوں پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے بدھ کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انتونیو گوتریس نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’زیادہ سے زیادہ تحمل‘ کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کریں اور صورت حال کو پرسکون بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

Read Comments