پائلٹ کی پرواز کے دوران جہاز سے کود کر خودکشی؛ اناڑی اسٹوڈنٹ نے کیسے طیارہ اتارا؟

42 سالہ فلائٹ انسٹرکٹر لیاندرو آندریس برتازو 22 سالہ طالبہ روزاریو کو پرواز کی تربیت دے رہے تھے
شائع 09 جولائ 2026 09:12am

ارجنٹینا میں ایک انتہائی حیران کن واقعے میں پرواز کی تربیت دینے والے ایک پائلٹ نے دورانِ پرواز چلتے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان دے دی، جبکہ ان کی زیرِ تربیت طالبہ نے شدید خوف اور صدمے کے باوجود طیارہ بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز وسطی ارجنٹینا کے شہر ٹولیڈو میں پیش آیا۔ 42 سالہ فلائٹ انسٹرکٹر لیاندرو آندریس برتازو ایک سیسنا 150 طیارے میں 22 سالہ طالبہ روزاریو کو پرواز کی تربیت دے رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق طالبہ روزاریو نے بتایا کہ پرواز کے دوران برتازو نے اس سے کہا کہ تم جانتی ہو کہ اب کیا کرنا ہے، پرواز جاری رکھو۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا ہیڈسیٹ اور سیٹ بیلٹ اتار دی، طیارے کا دروازہ کھولا اور نیچے چھلانگ لگا دی۔

واقعے کے بعد برتازو کی لاش برآمد کرلی گئی، جبکہ روزاریو شدید صدمے کی حالت میں ہونے کے باوجود طیارے کو کامیابی سے اور محفوظ طریقے سے اتارنے میں کامیاب رہی۔ فلائنگ اسکول کے مطابق طیارے کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

جس فلائنگ اسکول میں برتازو خدمات انجام دے رہے تھے، اس کے ڈائریکٹر ایڈورڈو الواریز نے بتایا کہ اس واقعے سے پہلے ایسی کوئی علامت سامنے نہیں آئی تھی جس سے اندازہ ہو کہ برتازو ایسا قدم اٹھانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ان کے بقول اسی روز انہوں نے ایک اور طالب علم کے ساتھ بھی معمول کے مطابق پرواز کی تھی۔

ایڈورڈو الواریز نے کہا کہ انہوں نے ایک اور شخص کی موجودگی میں طیارے کے اندر یہ افسوسناک فیصلہ کیا۔ اس بات کو سمجھنا یا اس کا تصور کرنا بھی بہت مشکل ہے، لیکن انسانی ذہن انتہائی پیچیدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے برتازو کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھے انسان تھے، ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے۔ ہمیں یقین نہیں آ رہا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔

الوواریز نے مزید بتایا کہ دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنا انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایسے ہی ہے جیسے تقریباً 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہوئی گاڑی کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی جائے۔

رپورٹس کے مطابق برتازو ایک تجربہ کار پائلٹ تھے اور پڑوسی ملک چلی میں بھی فلائٹ انسٹرکٹر کے طور پر کام کر چکے تھے۔

ارجنٹینا کے سرکاری پراسیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ برتازو کی موت سے پہلے طیارے میں کیا کچھ پیش آیا۔

Read Comments