19 فیصد ٹیرف کم کرانے کے لیے پاکستان کے امریکا سے مذاکرات

واشنگٹن میں دوسرے روز بھی بات چیت، برآمدات، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور معاشی تعاون پر پیش رفت کی کوششیں
شائع 09 جولائ 2026 11:41am

پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات دوسرے روز بھی واشنگٹن میں جاری رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے اپنی برآمدات پر عائد 19 فیصد ٹیرف میں کمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت ہو رہی ہے۔

پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے واشنگٹن میں مذاکرات جاری ہیں، جن کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری کامرس جواد پال کر رہے ہیں، جبکہ طاہر اندرابی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد کا حصہ ہیں۔ امریکی محکمہ تجارت کے متعلقہ حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا میں پاکستانی برآمدات پر عائد 19 فیصد ٹیرف میں کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈی میں بہتر رسائی حاصل ہو اور برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، دوطرفہ تجارت کے فروغ، معاشی تعاون اور باہمی شراکت داری کو وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ٹی، صنعت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات اور مشترکہ منصوبوں پر بھی بات چیت جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔

Read Comments