256 گھنٹے131 کاریگر؛ عامرخان کی نئی بیوی کی انگوٹھی کیسے تیار ہوئی؟
بولی ووڈ اداکار عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی اگرچہ ایک نجی تقریب تھی، لیکن اس موقع پر گوری کی خاص روبی انگوٹھی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ دونوں نے 5 جولائی کو ممبئی کے باندرہ میں واقع عامر خان کی رہائش گاہ پر قریبی خاندان، بچوں اور چند خاص دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔
شادی کی تقریب میں عامر خان اور گوری اسپرٹ نے روایتی لباس کا انتخاب کیا۔ عامر خان نے ہاتھی دانت کے رنگ کا دھوتی کرتا پہنا ہوا تھا، جس کے بائیں جانب ایک خوبصورت بروچ لگا ہوا تھا۔ دوسری جانب گوری اسپرٹ نے ہلکے رنگ کا لہنگا، خوبصورت ہار اور تازہ پھولوں سے سجے بالوں کے ساتھ اپنی شخصیت کو منفرد انداز دیا۔
تاہم شادی کے بعد سب سے زیادہ چرچا گوری اسپرٹ کی روبی والی انگوٹھی کا ہوا، جسے ایک لگژری جیولری برانڈ ’کوین‘ نے خاص طور پر ڈیزائن کیا ہے۔ اس انگوٹھی کے مرکز میں مڈغاسکر سے حاصل کیا گیا انتہائی نایاب قدرتی روبی لگایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زیور تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ روبی عام قیمتی پتھروں جیسا نہیں بلکہ ایک انتہائی نایاب پتھر ہے، جسے تلاش کرنے میں کئی ماہ لگے۔
کوین کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر امیت کمار نے انگوٹھی کی تیاری کے بارے میں بتایا کہ صرف روبی تلاش کرنے کے عمل میں تین ماہ سے زیادہ وقت لگا۔
انہوں نے مزید کہا، کاریگروں نے 256 گھنٹے کام کیا اور 131 ماہر ہاتھوں نے مل کر اس انگوٹھی کو تیار کیا۔ یہ مڈغاسکر کا روبی ہے، جو ایک ملین میں ایک سے بھی زیادہ نایاب قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ شادی کی انگوٹھی لفظی طور پر شاہی انداز میں تیار کی گئی ہے۔
امیت کمار نے مزید بتایا کہ انگوٹھی کی تیاری میں صرف پتھر لگانا ہی شامل نہیں تھا بلکہ اس کے ڈیزائن، تیاری، فنشنگ اور باریک کام پر بھی خاص توجہ دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ شروع سے ہی مقصد ایک عام شادی کی انگوٹھی بنانے کے بجائے ایسا زیور تیار کرنا تھا جو آنے والی نسلوں تک محفوظ رکھا جا سکے۔
اس انگوٹھی کا ڈیزائن بھی اسے خاص بناتا ہے۔ عام قیمتی پتھروں والی انگوٹھیوں کے برعکس اس میں روبی کو سادہ بینڈ پر رکھنے کے بجائے سونے کے ایسے ڈھانچے میں لگایا گیا ہے جو تاج جیسا دکھائی دیتا ہے۔
روبی کو کیبوچون کٹ دیا گیا ہے، یعنی اسے ہموار اور ابھری ہوئی شکل میں پالش کیا گیا ہے، جس سے اس کا رنگ زیادہ نمایاں اور چمکدار نظر آتا ہے۔ اس کے گرد سونے کا باریک کام کیا گیا ہے، جس میں پرانے شاہی زیورات جیسی جھلک نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ روبی کو صدیوں سے شاہی خاندانوں، طاقت اور خاص مواقع کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے۔ عام طور پر شادی کی انگوٹھیوں میں ہیروں کا استعمال زیادہ عام ہے، لیکن روبی کا انتخاب اسے منفرد بناتا ہے۔
عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی کی تقریب سادگی کے باوجود خاص توجہ حاصل کر رہی ہے۔ دونوں نے بڑے پیمانے پر تقریب منعقد کرنے کے بجائے قریبی لوگوں کے درمیان نئی زندگی کا آغاز کیا، جبکہ گوری کی نایاب روبی انگوٹھی اس خاص موقع کی یادگار بن گئی ہے۔