سوشل میڈیا انفلوئنسر اذان کا 17 سال کی عمر میں نکاح
لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان سوشل میڈیا اسٹاراذان نے صرف 17 سال کی عمر میں نکاح کر لیا، جس کے بعد ان کی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اپنے مختصر وی لاگز اور شارٹ ویڈیوز کی بدولت سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے اذان کے انسٹاگرام پر تقریباً 65 ہزار فالوورز ہیں۔
اذان نے اپنے نکاح اور مہندی کی خوبصورت ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جنہیں لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ ان کی شادی کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی ہونے والی بات یہ ہے کہ ان کی طرح ان کی دلہن بھی کم عمر ہے۔
ان تصاویر اور ویڈیوز میں اذان اپنی دلہن کے ساتھ خوشگوار انداز میں نظر آئے۔ نکاح کی تقریب میں دونوں نے سفید رنگ کے روایتی لباس زیب تن کیے، جبکہ دلہن نے سرخ رنگ کا خصوصی نکاح کا دوپٹہ اوڑھا ہوا تھا، جس نے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔
اذان کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قسم کے ردعمل سامنے آئے۔ کئی صارفین نے ان دونوں کی کم عمری میں شادی پر تنقید کی اور مذاق بھی اڑایا۔
بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ اتنی کم عمر میں شادی کرنا درست فیصلہ نہیں، جبکہ دوسرے صارفین نے اس جوڑے کو نیک خواہشات اور دعاؤں کے ساتھ نئی زندگی کی مبارک باد دی۔
اذان نے سوشل میڈیا پر ملنے والی نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کیا اور منفی تبصروں کو نظر انداز کرنے کا فیصلہ کیا، بلکہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے اور خوشگوار سفر پر پوری طرح خوش اور مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، ”میں اپنے تمام چاہنے والوں کی دعاؤں اور محبت کا دل سے شکر گزار ہوں۔“
اگرچہ اس شادی پر سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، تاہم اذان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اپنی نئی زندگی کا آغاز خوشی اور سادگی کے ساتھ کیا گیا ہے، جبکہ ان کی نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز اب بھی مختلف پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث ہیں۔