اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے
پاکستان کےہر دلعزیز اداکار اور میزبان احسن خان کے والد انتقال کر گئے ہیں۔
احسن خان نے اپنے والد کے انتقال کی یہ انتہائی افسوس ناک خبر سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ احسن خان نے اپنے والد کے ساتھ گزارے لمحوں کی کچھ پرانی تصاویر پوسٹ کیں اور ساتھ ہی ایک بہت جذباتی پیغام بھی لکھا۔
انہوں نے لکھا کہ بعض جدائیاں ہمیں زندگی کی سب سے بڑی سچائی یاد دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کوئی بھی چیز ہمیشہ رہنے والی نہیں ہے اور ہر چیز اللہ ہی کی امانت ہے، میرے والد ایک بہت ہی اچھے انسان تھے اور آج میں جو کچھ بھی ہوں انہی کی وجہ سے ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں ان تمام لوگوں کا دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں مجھ سے رابطہ کیا، مجھ سے محبت کا اظہار کیا اور میرے ساتھ کھڑے رہے، آپ سب کی اس ہمدردی نے مجھے یہ احساس دلایا کہ میں اس دکھ میں اکیلا نہیں ہوں۔ آپ کا یہ ساتھ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے اور یہ میرے لیے الفاظ سے کہیں بڑھ کر اہم ہے۔
احسن خان کے والد کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز سے وابستہ شخصیات، ان کے دوستوں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ متعدد افراد نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات شیئر کیے۔