دھنیا کے ڈنٹھل میں چھپا غذائیت کا خزانہ؛ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے

انہیں ضائع کرنے کے بجائے روزمرہ کے کھانوں میں استعمال کریں۔
شائع 10 جولائ 2026 11:10am

کچن میں کھانا پکاتے ہوئے اکثرخواتین ہرا دھنیا صاف کرتے وقت اس کے پتے تو الگ کر لیتی ہیں لیکن ڈنڈیوں کو بیکار سمجھ کر کچرے دان کی نذر کر دیا جاتا ہے۔ اگر آپ بھی اب تک ایسا ہی کرتی آئی ہیں، تو رک جائیے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دھنیے کے پتوں سے زیادہ خوشبو، ذائقہ اور صحت کا خزانہ اس کی ڈنڈیوں میں چھپا ہوتا ہے، جو نہ صرف کھانے کی لذت کو بڑھاتا ہے بلکہ آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

ہر گھر میں روزانہ استعمال ہونے والے اس ہرے دھنیے کی ڈنڈیوں میں وٹامن اے، وٹامن سی اور وٹامن کے بھاری مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں فائبر یعنی ریشہ بھی ہوتا ہے جو ہمارے معدے اور نظامِ ہضم کو درست رکھتا ہے۔ یہ ڈنڈیاں ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے اور جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

ان ڈنڈیوں کو ضائع کرنے کے بجائے روزمرہ کے کھانوں میں استعمال کرنے کے پانچ آسان اور بہترین طریقے درج ذیل ہیں۔

سالن کی گریوی کو مزیدار بنائیں

جب بھی آپ گھر میں کسی سبزی یا گوشت کا سالن بنائیں، تو دھنیا کے ڈنٹھل کو باریک کاٹ کر پیاز، لہسن اور مسالوں کے ساتھ تیل میں بھون لیں۔ پکنے کے دوران یہ ڈنڈیاں نرم ہو کر مصالحے میں اچھی طرح گھل مل جاتی ہیں، جس سے سالن کا ذائقہ گہرا اور خوشبودار ہو جاتا ہے۔

سوپ اور یخنی کا ذائقہ بڑھائیں

سوپ اور یخنی میں بھی دھنیا کے ڈنٹھل بہترین ذائقہ پیدا کرتے ہیں۔ اگر آپ سبزیوں اور چکن کا سوپ یا یخنی بنا رہی ہیں، تو ان ڈنڈیوں کو اچھی طرح دھو کر ثابت یا باریک کاٹ کر ابلتے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ اس سے سوپ میں غذائیت اور بہترین مہک پیدا ہو جائے گی۔

دال اور سبزی کے تڑکے میں استعمال کریں

دال یا سبزی کے تڑکے میں بھی دھنیا کے ڈنٹھل استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ اگلی بار جب آپ دال یا کسی سبزی کو تڑکا لگانے لگیں، تو زیرے، لہسن اور ہینگ کے ساتھ دھنیے کی باریک کٹی ہوئی ڈنڈیاں بھی تیل میں ڈال دیں اور چند سیکنڈ کے لیے فرائی کریں۔ یہ چھوٹا سا طریقہ آپ کی دال کے ذائقے کو دگنا کر دے گا۔

گوشت اور پنیر کو مصالحہ لگانے کے لیے

چکن، گوشت، مچھلی یا پنیر کو میرینیٹ کرتے وقت بھی دھنیا کے ڈنٹھل مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں ادرک، لہسن، دہی اور مصالحوں کے ساتھ پیس کر میرینیڈ میں شامل کریں۔ اس سے گوشت میں تازہ جڑی بوٹیوں جیسی خوشبو اور ذائقہ بہتر انداز میں جذب ہو جاتا ہے۔

چٹنی اور دہی کے رائتے میں شامل کریں

عام طور پر چٹنی صرف پتوں سے بنائی جاتی ہے، لیکن اگر آپ دھنیے کے ڈنٹھل کو دہی، پودینے، لہسن یا چنے کے ساتھ ملا کر بلینڈر میں پیس لیں، تو ایک بہترین، گاڑھی اور خوشبودار چٹنی تیار ہو جائے گی جسے آپ پکوڑوں، سموسوں یا چپس کے ساتھ شوق سے کھا سکتی ہیں۔

دھنیے کی ڈنڈیوں کو محفوظ کیسے رکھیں؟

اگر آپ کے پاس دھنیے کی ڈنڈیاں زیادہ مقدار میں بچ جائیں، تو انہیں پھینکنے کے بجائے اچھی طرح دھو کر سکھا لیں۔ پھر انہیں باریک کاٹ کر ایک صاف پلاسٹک کے ڈبے یا تھیلی میں بند کر کے فریزر میں رکھ دیں۔ یہ ڈنڈیاں کئی ہفتوں تک خراب نہیں ہوتیں اور ضرورت کے وقت آپ انہیں فریزر سے نکال کر سیدھا اپنے سالن یا دال میں استعمال کر سکتے ہیں۔

لہذا، آئندہ کچن میں کام کرتے ہوئے دھنیے کی ان قیمتی ڈنڈیوں کو ضائع مت کیجیے، بلکہ انہیں اپنے کھانوں کا حصہ بنا کر اپنے کچن کے بجٹ کی بچت بھی کریں اور اپنے گھر والوں کو صحت بخش اور خوشبودار کھانے بھی کھلائیں۔

Read Comments