پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری، 100ویں نمبر پر آگیا
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہینلے پاسپوڑٹ انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان 3 درجے ترقی کرتے ہوئے 103ویں نمبر سے 100ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری اب دنیا کے 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے سفر کر سکتے ہیں، جس کے باعث پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔
سنگاپور کے شہری دنیا کے 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفر کی سہولت رکھتے ہیں۔
درجہ بندی کے مطابق جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سویڈن کا پاسپورٹ تیسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا 180 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی کے باوجود دسویں نمبر پر آ گیا ہے۔
دوسری جانب افغانستان کا پاسپورٹ دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق شام 102ویں، عراق 101ویں، پاکستان 100ویں اور یمن 99ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس ہر سال مختلف ممالک کے پاسپورٹس کی درجہ بندی اس بنیاد پر جاری کرتا ہے کہ ان کے حامل شہری دنیا کے کتنے ممالک میں پیشگی ویزا کے بغیر یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔