فرانس کے ہاتھوں مراکش کو شکست، نورا فتحی اسٹیڈیم میں ہی رو پڑیں

میچ کے اختتام کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا۔
شائع 10 جولائ 2026 02:38pm

بولی ووڈ اداکارہ اور کینیڈین نژاد مراکشی ڈانسر نورا فتحی، فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں مراکش کی شکست پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسٹیڈیم میں ہی آبدیدہ ہو گئیں۔ فرانس کے ہاتھوں مراکش کو ملنے والی 0-2 کی شکست کے بعد نورا فتحی کی روتی ہوئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

کوارٹر فائنل میچ شروع ہونے سے قبل نورا فتحی کو ایک انتہائی ڈرامائی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ اسٹیڈیم کے باہر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ان کی گاڑی پھنس گئی۔ چونکہ میچ شروع ہونے میں چند منٹ باقی تھے اور نورا اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے قومی ترانے کے وقت ہر صورت اسٹیڈیم میں موجود رہنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے گاڑی وہیں چھوڑی اور اسٹیڈیم کی طرف دوڑ لگا دی۔

نورا فتحی اسٹیڈیم کے وی آئی پی باکس میں موجود تھیں اور پورے میچ کے دوران وہ مراکش کی ٹیم کی بھرپور حمایت اور ہر اچھے موو پر داد دیتی رہیں۔

وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے بے حد پُرامید تھیں، تاہم جیسے ہی فرانس نے میچ کے آخری لمحات میں دوسرا گول کر کے مراکش کی شکست یقینی بنائی، تو نورا فتحی شدید مایوسی کا شکار ہو گئیں اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائیں۔ انہوں نے اپنے چہرے کو ہاتھوں سے چھپا لیا اور ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔

میچ کے اختتام کے بعد نورا فتحی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔

انہوں نے کہا، ”آج میرا دل ٹوٹ گیا ہے، لیکن میرا سر فخر سے بلند ہے۔ ہماری ٹیم نے آخری سیکنڈ تک ہار نہیں مانی اور میدان میں جان لڑا دی۔ مراکش نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم میں کتنا دم ہے۔ ہماری ٹیم کے کھلاڑی ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔“

اگرچہ مراکش اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا، لیکن انہوں نے مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔

Read Comments