ملک بھر میں موٹرویز اور ہائی ویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ

نئے نرخ آج سے لاگو، مختلف موٹرویز پر کار، ویگن، منی بس اور بس کے کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا۔
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2026 08:34pm

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی اہم موٹرویز، قومی شاہراہوں اور ایکسپریس ویز پر ٹول ٹیکس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ آج سے نافذ العمل ہیں اور ان کا اطلاق تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹرویز اور ہائی ویز استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے ٹول ٹیکس کے نئے نرخ جاری کر دیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخ ایم-1، ایم-3، ایم-4، ایم-5، ایم-14، ای-35 (ہزارہ) ایکسپریس وے، کوہاٹ ٹنل اور اسلام آباد-مری ڈوئل کیرج وے سمیت ملک کے مختلف اہم روٹس پر نافذ کیے گئے ہیں۔

ان کا اطلاق کاروں، ویگنوں، بسوں، دو اور تین ایکسل ٹرکوں اور آرٹیکیولیٹڈ ٹرکوں سمیت تمام اقسام کی گاڑیوں پر ہوگا۔ این ایچ اے کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کا ٹول ٹیکس 100 روپے، ویگن کا 200 روپے اور بس کا 300 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

ایم-3 موٹروے (لاہور تا عبدالحکیم) پر کار کا ٹول ٹیکس 1000 روپے ہوگا، جب کہ ویگن کے لیے 1500 روپے، منی بس کے لیے 2200 روپے اور بس کے لیے 3150 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

ایم-4 موٹروے (پنڈی بھٹیاں تا ملتان) پر کار کا ٹول ٹیکس 1350 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ویگن کے لیے 1950 روپے، منی بس کے لیے 2900 روپے اور بس کے لیے 4050 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

اسی طرح ایم-5 موٹروے (ملتان تا سکھر) پر کار کا ٹول ٹیکس 1500 روپے مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ویگن کے لیے 2200 روپے، منی بس کے لیے 3250 روپے اور بس کے لیے 4600 روپے ٹول فیس مقرر کی گئی ہے۔ این ایچ اے نے واضح کیا ہے کہ نئے نرخ تمام متعلقہ ٹول پلازوں پر فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں اور مسافروں سے نظرثانی شدہ فیس وصول کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 6 جولائی 2026 سے قبل 20 مارچ 2025 کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت نظرثانی شدہ ٹول ٹیکس یکم اپریل 2025 سے نافذ کیے گئے تھے۔

ان نرخوں کے مطابق قومی شاہراہوں پر کار کے لیے 70 روپے، ویگن کے لیے 150 روپے اور بس کے لیے 250 روپے ٹول مقرر کیا گیا تھا، جب کہ کوہاٹ ٹنل، اسلام آباد-مری ڈوئل کیرج وے اور میانوالی-مظفرگڑھ این-135 کے لیے الگ الگ نرخ مقرر تھے۔

اسی نوٹیفکیشن کے تحت ایم-1 (اسلام آباد-پشاور) پر کار کا ٹول 550 روپے، ایم-3 (لاہور-عبدالحکیم) پر 800 روپے، ایم-4 (پنڈی بھٹیاں-فیصل آباد-ملتان) پر 1050 روپے، ایم-5 (ملتان-سکھر) پر 1200 روپے اور ایم-14 (ڈی آئی خان-ہکلہ) پر 650 روپے مقرر کیا گیا تھا، جب کہ ای-35 ہزارہ ایکسپریس وے پر کار کے لیے 300 روپے ٹول وصول کیا جاتا تھا۔

این ایچ اے کی جانب سے اب جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن میں ان نرخوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ملک بھر میں لاکھوں شہری روزانہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں کا استعمال کرتے ہیں، اس لیے نئے نرخوں کا اثر نجی گاڑیوں کے مالکان کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور مال بردار شعبے پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔

Read Comments