'مجھ پر حملے کی کوشش کی تو ایک ہزار میزائل داغنے کا حکم دے دیا ہے'؛ ٹرمپ کی ایران کو دھمکی
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بہت ہی سخت اور ہولناک فوجی دھمکی دی ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران نے انہیں قتل کرنے کی کوئی بھی کوشش کی تو امریکا ایران پر ہزاروں میزائل داغنے کے لیے بالکل تیار ہے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری پیغام میں ایران کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ایرانی حکومت نے دنیا کے کسی بھی کونے سے امریکا کے موجودہ صدر، یعنی میرے، قتل کی دھمکی پر عمل کرنے یا قتل کرنے کی کوشش کی تو ایک ہزار میزائل بالکل تیار کھڑے ہیں جن کا نشانہ اسلامی جمہوریہ ایران ہے، اور اس کے فوراً بعد ہزاروں مزید میزائل بھی فائر کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے ایران کو مکمل تباہی کی دھمکی دیتے ہوئے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ اس حوالے سے احکامات پہلے ہی دیے جا چکے ہیں، اور امریکی فوج ایک سال کے عرصے کے لیے، جس میں ضرورت پڑنے پر اضافہ بھی ہو سکتا ہے، ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر ملیا میٹ اور تباہ و برباد کرنے کے لیے تیار، رضامند اور پوری طرح سے اہل ہے۔
انہوں نے امریکی میڈیا سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک عرصہ سے ان کی ہٹ لسٹ پر ہوں، اگر قتل کردیا گیا تو امید ہے کہ آپ مجھے یاد رکھیں گے۔
ٹرمپ کے اس بیان نے پوری دنیا میں ہلچل مچا دی ہے کیونکہ یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی حالات کافی نازک ہیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکی فوج ہر طرح سے الرٹ ہے اور کسی بھی ایسی کوشش کا جواب انتہائی ہولناک فوجی کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔