گمشدہ ایئر پوڈ، نقلی تصاویر اور پوشیدہ باغ؛ ٹیلر سوئفٹ کی خفیہ شادی میں مداحوں کے ساتھ کیا ہوا؟
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور فٹ بالر ٹریوس کیلسی کی نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی شادی کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے، لیکن مداحوں میں اس کا کریز اب بھی ختم نہیں ہو رہا۔
اس شادی کو اس قدر چھپا کر رکھا گیا کہ ہال کے اندر کی ایک بھی تصویر یا دلہن کے لباس کی جھلک باہر نہیں آسکی۔ تمام مہمانوں اور کام کرنے والوں سے سخت معاہدے دستخط کروائے گئے تھے اور ان کے موبائل فون بھی باہر ہی رکھوا لیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کو عوام کی نظروں سے اوجھل رکھنے کے لیے سڑکیں بند کی گئیں اور مقام کے گرد بڑے بڑے خیمے لگا دیے گئے تھے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اس شدید رازداری کی وجہ سے باہر کھڑے مداحوں میں اندر کی ایک جھلک دیکھنے کی ایسی دیوانگی پیدا ہوئی کہ انہوں نے شادی کے باہر سڑک پر گرے کچرے کو ہی ٹیلر سوئفٹ کی نشانی سمجھ کر خریدنا شروع کر دیا۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مداح نیویارک کے مین ہیٹن کی سڑکوں اور انٹرنیٹ پر ٹیلر سوئفٹ کی اس شادی سے جڑی چھوٹی چھوٹی چیزیں تلاش کرتے رہے، جسے بعض لوگوں نے ”امریکہ کی شاہی شادی“ قرار دیا۔ لیکن ٹیلر سوِفٹ نے تقریباً ایک ہزار افراد پر مشتمل اس بڑی تقریب کو تقریباً مکمل طور پر خفیہ رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔
نیویارک میں پچھلے پچیس سالوں سے کچرے کو فن پاروں میں تبدیل کرنے والے آرٹسٹ جسٹن گگناک نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھایا۔ وہ دولہے کا کوٹ پینٹ پہن کر، ہاتھ میں کچرا اٹھانے والا اوزار اور پلاسٹک کا تھیلا لے کر ان مداحوں کے بیچ پہنچ گئے جو گھنٹوں سے باہر کھڑے تھے۔
وہ ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کی دوستی کی علامت سمجھے جانے والے ٹوٹے ہوئے فرینڈ شپ بریسلٹس کے موتی ڈھونڈ رہے تھے، لیکن انہیں موتی تو نہیں ملے، البتہ کسی کا گرا ہوا ایک ائیر پاڈ، بچوں کی انگوٹھی والی ٹافی، ایک پرانا میڈیکل ٹیسٹ کارڈ اور ایک رنگ برنگا پنکھا اور دیگر چھوٹی موٹی چیزیں ہاتھ لگ گئیں۔
جسٹن نے ان تمام چیزوں کو ایک ایک انچ کے چھوٹے ڈبوں میں بند کر کے انٹرنیٹ پر بیچنا شروع کر دیا اور حیرت کی بات یہ ہے کہ آسٹریلیا، جرمنی اور برطانیہ تک کے مداحوں نے کچرے کے یہ پچاس ٹکڑے ہاتھوں ہاتھ خرید لیے۔
جسٹن گگناک نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ لوگ اب بھی مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا کچھ اور کچرا بچا ہے؟ کیا کچھ اور سامان ہے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ کی زندگی میں کبھی کوئی ایسا گانا نہیں رہا جس نے آپ کی زندگی بدل دی ہو اور وہ گلوکار آپ کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن گیا ہو؟ جب کوئی آپ کی زندگی میں اتنا بڑا مقام رکھتا ہو، تو اس سے جڑی کوئی بھی چیز اپنے پاس رکھنا اچھا لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے مقام کے باہر غیر معمولی صفائی تھی، تاہم انہیں اتنا سامان ضرور مل گیا کہ وہ اپنی محدود تعداد میں تیار کی گئی یادگاری کلیکشن مکمل کر سکیں۔ انہوں نے شادی کے موضوع کو نمایاں کرنے کے لیے پھینکی گئی اسٹرا کو گرہ لگا کر بھی محفوظ کیا۔
اگرچہ اس دوران سخت سیکیورٹی اور ٹریفک پابندیوں پر بعض مقامی شہریوں نے ناراضی کا اظہار کیا، لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں مداح رکاوٹوں کے پیچھے کھڑے رہے اور سیاہ رنگ کی گاڑیوں کو تقریب کے مقام میں داخل ہوتے دیکھتے رہے۔
رات گئے ایک بیکری کی گاڑی وہاں پہنچی تو کیٹرنگ کے ایک ملازم نے سیب اور شہد سے تیار کی گئی پیسٹریوں کا ڈبہ پولیس اہلکار کے حوالے کیا، جس نے وہ انتظار کرنے والے مداحوں میں تقسیم کر دیں۔
شادی کی اصل تصاویر نہ آنے کی وجہ سے انٹرنیٹ پر کمپیوٹر سے بنائی گئی نقلی تصاویر کی بھر مار ہو گئی، جن میں جوڑے کو شادی کے جوڑوں میں دکھایا گیا تھا۔ جبکہ کچھ تصاویر میں مبینہ ”خفیہ باغ“ کی جھلک بھی دکھائی گئی، جہاں مبینہ طور پر ہال کو درختوں، پودوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا۔
کچھ تصاویر واضح طور پر مذاق کے لیے بنائی گئی تھیں، جن میں لوگوں نے خود کو شادی میں شامل دکھایا یا یہ ظاہر کیا کہ وہ تقریب کی فوٹوگرافی کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔ لیکن کچھ تصاویر ایسی بھی تھیں جو حقیقت کے قریب دکھائی دیتی تھیں، جیسے دھندلی اور کم معیار کی خفیہ طور پر لی گئی تصاویر ہوں۔
لیکن ٹیلر سوئفٹ کی پرانی مداح الیکسا وولینڈ نے بتایا کہ ٹیلر کے مداحوں کو گانوں میں چھپے اشارے ڈھونڈنے کی پرانی عادت ہے، اسی لیے انہوں نے نقلی تصاویر میں چہرے کی بناوٹ اور کپڑوں کی غلطیوں کو دیکھ کر فوراً پہچان لیا کہ یہ سب جھوٹ ہے۔
الیکسا وولینڈ نے کہا کہ ایک مداح ہونے کے ناطے میں چاہوں گی کہ شادی کی پہلی جھلک خود ٹیلر کی طرف سے آئے۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ آگے چل کر ہمیں کوئی ایسا گانا ضرور دیں گی جو کسی بھی اے آئی تصویر سے زیادہ سچ بیان کرے گا۔
بوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایک اور مداح مارگریٹ ولیسن مارگریٹ ولیسن، جو ٹیلر سوئفٹ کی موسیقی اور مداحوں پر ورکشاپس بھی کر چکی ہیں، کا کہنا تھا کہ ٹیلر ہمیشہ اپنی زندگی کے عام سے لمحات کو بھی غیر معمولی اہمیت دے دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ”ہم ایسی کوئی چیز نہیں چاہتے جو ان سے چرا کر سامنے لائی گئی ہو۔“
اگرچہ شادی کی اندرونی تفصیلات اب بھی راز بنی ہوئی ہیں، لیکن مداحوں کو امید ہے کہ ٹیلر سوئفٹ مناسب وقت آنے پر اپنی زندگی کے اس اہم باب کی کہانی خود اپنے انداز میں دنیا کے سامنے ضرور لائیں گی۔