قطر کے سابق امیر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی انتقال کر گئے
قطر کے سابق امیر اور ”فادر امیر“ کے لقب سے معروف شیخ حماد بن خلیفہ الثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کا اعلان قطر کے امیری دیوان نے اتوار کے روز کیا۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق امیری دیوان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اللہ کے فیصلے اور تقدیر پر ایمان رکھتے ہوئے امیری دیوان قوم کے لیے ایک عظیم نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔ مرحوم، اللہ ان پر رحم فرمائے، فادر امیر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی آج صبح انتقال کر گئے۔
شیخ حماد بن خلیفہ الثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر پر حکومت کی۔ ان کے دور حکومت میں قطر نے معاشی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں نمایاں ترقی کی اور عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط بنائی۔
شیخ حماد کو قطر کی جدید ترقی کے اہم معماروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے دور میں توانائی کے شعبے، خاص طور پر قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافے کے باعث قطر دنیا کے امیر ترین ممالک میں شامل ہوا اور ملک کی عالمی اہمیت میں اضافہ ہوا۔
ان کے دورِ حکومت میں قطر نے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور ایشیا میں اپنا سیاسی اثر و رسوخ بھی بڑھایا۔
سال 2022 میں قطر نے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کی، جو دنیا کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کھیلوں کا ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔
ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں شیخ حماد کی آمد پر شائقین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا تھا۔
شیخ حماد نے 2013 میں اقتدار اپنے بیٹے شیخ تمیم بن حماد آل ثانی کے حوالے کر دیا تھا، جو اس وقت 33 برس کے تھے۔
اقتدار کی منتقلی کے بعد بھی شیخ حماد قطر کی سیاسی اور سماجی زندگی میں ایک اہم شخصیت کے طور پر جانے جاتے رہے۔
شیخ حماد کے انتقال پر قطر میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ ملک کی قیادت اور عوام کی جانب سے ان کی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔