حکومت کا سابق امیر قطر کے انتقال پر یوم سوگ کا اعلان، قومی پرچم سرنگوں رہے گا

شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر 13 جولائی کو قطر کے شاہی خاندان اور عوام سے یکجہتی کے طور پر یوم سوگ منایا جائے گا۔
شائع 12 جولائ 2026 11:40pm

وفاقی حکومت نے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر آج ملک بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر 13 جولائی 2026 کو یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے یہ فیصلہ قطر کے شاہی خاندان، حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تعزیت کے طور پر کیا ہے، قومی یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

حکومت پاکستان نے اپنے بیان میں سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کل قطر جائیں گے، جہاں وہ قطر کے سابق امیرشیخ حمد کے انتقال پر قطری قیادت سے اظہار تعزیت کریں گے۔

وزیراعظم قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات بھی کریں گے جب کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار و دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گی۔

خیال رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں اور شاہی اعلان میں کہا گیا کہ پوری قوم اس عظیم سانحے پرغمزدہ ہے۔

Read Comments