جیٹھا لال کو 'تارک مہتا' شو سے نکالنے کی خبریں، میکرز کا بیان آگیا

ناظرین کی بڑی تعداد اب بھی انہیں شو کی جان تصور کرتی ہے۔
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2026 11:10am

مقبول بھارتی کامیڈی ڈرامہ ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ میں جیٹھا لال کا کردار ختم کیے جانے کی خبروں نے مداحوں کو پریشان کر دیا، تاہم اب شو کے میکرز نے ان افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ دلیپ جوشی کہیں نہیں جا رہے اور جیٹھا لال بدستور شو کا اہم حصہ رہیں گے۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شو سے جیٹھا لال کے کردار کو ختم کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مداحوں میں تشویش پھیل گئی۔ تاہم میکرز نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔

میکرز نے کہا، ”جیٹھا لال کے کردار کو آف ٹریک نہیں کیا جا رہا۔ شو کی موجودہ کہانی بھی انہی کے گرد گھوم رہی ہے اور اس کا نیا پرومو بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ 28 جولائی کو ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ اپنے 18 سال مکمل کرنے جا رہا ہے، جس کا خصوصی جشن بھی منایا جائے گا۔ جیٹھا لال کا کردار ختم نہیں ہو رہا۔“

۔

یہ وضاحت سامنے آنے کے بعد مداحوں نے بھی سکھ کا سانس لیا، کیونکہ جیٹھا لال کو اس کامیاب شو کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ دلیپ جوشی کئی برسوں سے اس کردار کو نبھا رہے ہیں اور ان کی مزاحیہ اداکاری نے انہیں گھر گھر میں مقبول بنا دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اس شو کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بھی ہیں۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ کے کئی پرانے اداکار شو کو خیرباد کہہ چکے ہیں اور ان کی جگہ نئے چہرے شامل کیے گئے ہیں، تاہم کچھ فنکار ایسے بھی ہیں جو ابتدا سے ہی اس شو کا حصہ ہیں، جن میں دلیپ جوشی نمایاں ہیں۔

دوسری جانب شو میں دایابین کا کردار ادا کرنے والی دیشا واکانی کئی سال سے اسکرین پر نظر نہیں آئیں۔ وہ زچگی کی چھٹی پر گئی تھیں لیکن پھر واپس نہ آ سکیں۔ مداحوں نے ان کی واپسی کا طویل عرصے تک انتظار کیا اور میکرز نے بھی متعدد بار انہیں شو میں واپس لانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنی ذاتی زندگی اور بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہیں۔

۔

اس حوالے سے شو کے پروڈیوسر اسیت کمار مودی نے ماضی میں کہا تھا، ”شادی کے بعد خواتین کی زندگی بہت بدل جاتی ہے۔ چھوٹے بچوں کے ساتھ گھر اور کام دونوں کو سنبھالنا آسان نہیں ہوتا۔ لیکن میں اب بھی پُرامید ہوں۔ اگر خدا نے چاہا اور کوئی معجزہ ہوا تو دیشا واکانی واپس آ سکتی ہیں۔ اگر وہ واپس نہ آئیں تو ہمیں نئی دایابین لانا پڑے گی۔“

گزشتہ چند برسوں میں نئی دایابین کے لیے کئی اداکاراؤں کے نام بھی سامنے آئے، لیکن اب تک اس کردار کے لیے کسی نئی اداکارہ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ اسی وجہ سے مداحوں کی بڑی تعداد اب بھی دیشا واکانی کی واپسی کی امید لگائے بیٹھی ہے، اگرچہ اس کے امکانات پہلے کے مقابلے میں کم دکھائی دیتے ہیں۔

میکرز کے حالیہ بیان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ جیٹھا لال کے کردار کے خاتمے کی خبریں محض افواہیں تھیں اور دلیپ جوشی بدستور ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ کی جان سمجھے جانے والے اپنے مشہور کردار میں مداحوں کو ہنسانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

Read Comments