بیٹی کی شادی میں ہم سے بڑی غلطی ہوئی، بشریٰ انصاری کا اعتراف

ایک بڑے خطرے کا اشارہ ہم نے نظر انداز کر دیا، بشریٰ انصاری
شائع 14 جولائ 2026 01:24pm

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بیٹی کی شادی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ رشتہ طے کرتے وقت ان سے ایک بڑی غلطی ہوئی، جس کا احساس بعد میں ہوا۔

بشریٰ انصاری حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش، ان پر عائد پابندیوں اور شادی کے معاملے میں اختیار کیے گئے اپنے انداز پر کھل کر بات کی۔

ادا کارہ نے اپنے دل کا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی کا تجربہ بہت برا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی اس معاملے میں زخم کھا چکی ہوں اور میری بیٹی کی شادی کا تجربہ کافی تکلیف دہ رہا ہے۔

انہوں نے اپنے پرانے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں لڑکیوں پر بہت پابندیاں ہوتی تھیں، ہمیں لڑکوں سے دوستی کرنے کی اجازت نہیں تھی اور نہ ہی ہم لڑکوں کے ساتھ پڑھتے تھے۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ اس سخت ماحول کے ردعمل میں ہم نے سوچا کہ ہم اپنی بیٹیوں پر ایسی پابندیاں نہیں لگائیں گے اور انہیں کھلی چھٹی دیں گے تاکہ وہ ہم سے جھوٹ نہ بولیں اور اگر انہیں کوئی پسند ہو تو ہمیں کھل کر بتا دیں۔

بشریٰ انصاری نے ایک پرانا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک بار ہماری بیٹی کو گھر کے فون پر کسی دوست کا فون آیا تو ان کے والد انصاری صاحب ناراض ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ کوئی لڑکا میری بیٹیوں کو فون کرے۔ اس پر بشریٰ انصاری نے اپنے شوہر کو سمجھایا اور کہا کہ بچی کو تھوڑی آزادی دیں تاکہ وہ ہم سے جھوٹ بولنے پر مجبور نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ، میں نے انصاری صاحب سے کہا کہ یہ لڑکے اس کے ساتھ پڑھتے ہیں اور اس کے دوست ہیں، وہ فون تو کریں گے ہی، اگر ہم نے روکا تو وہ چھپ کر باتیں کرے گی۔ بعد میں ہم نے اس کا درمیانی راستہ نکالا کہ اگر وہ لڑکوں کے گھروں نہیں جا سکتیں تو ان کے دوست ہمارے گھر آ سکتے ہیں، وہ سب خوش آمدید ہیں۔ تاکہ سب ہمارے سامنے ہوں۔

شادی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں بیٹیوں کو کبھی یہ نہیں سکھایا جاتا تھا کہ وہ صرف امیر شوہر تلاش کریں۔ ہم یہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ بیٹی کے لیے ایسا رشتہ ڈھونڈیں جس کے پاس بڑا گھر یا بہت زیادہ جائیداد ہو۔ ہمارے لیے پیسے سے زیادہ خاندان اور تربیت اہم تھی۔ ہم یہی سوچتے تھے کہ میاں بیوی مل کر بھی گھر بنا سکتے ہیں چاہے شوہر کی آمدنی شروع میں کم ہی کیوں نہ ہو۔

بشریٰ انصاری نے اعتراف کیا کہ اسی سوچ کی وجہ سے وہ اپنی بیٹی کے لیے رشتہ منتخب کرتے وقت ایک اہم بات کو نظر انداز کر گئیں۔

انہوں نے کہا، ”ہم نے اپنی بیٹی کے لیے مناسب رشتہ تلاش کرتے ہوئے غلطی کی۔ میں لڑکے کو اس کے خاندان یا مالی حالات کی بنیاد پر جانچ نہ سکی۔ میں نے سوچا کہ وہ اچھی گفتگو کرتا ہے، اس کا خاندان پڑھا لکھا ہے، اس لیے وہ اچھا لڑکا ہوگا۔“

انہوں نے مزید انکشاف کیا، ”میری بیٹی نریمان نے بھی مجھے بتایا تھا کہ جب میں اس لڑکے سے اس کی مالی حالت کے بارے میں پوچھتی تھی تو وہ ناراض ہو جاتا تھا۔ حقیقت میں یہ ایک بڑا خطرے کا اشارہ تھا، لیکن ہم نے اسے نظر انداز کر دیا کیونکہ ہمیں ڈر تھا کہ کہیں یہ رشتہ ختم نہ ہو جائے اور یہی ہماری سب سے بڑی بھول ثابت ہوئی۔“

Read Comments