فیفا ورلڈ کپ: فرانس اور اسپین میں سے فائنل میں کون جائے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

فیفا رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون فرانس کی ٹیم اور تیسرے نمبر پر موجود اسپین ٹیم آپس میں ٹکرائیں گی، فاتح ٹیم کو فائنل میں جگہ ملے گی۔
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2026 03:42pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں آج عالمی فٹبال کی دو بڑی طاقتیں فرانس اور اسپین مدمقابل ہوں گی۔ امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے جانے والے اہم میچ کی فاتح ٹیم ٹائٹل کے لیے فائنل میں پہنچ جائے گی۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج امریکا کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں فیفا رینکنگ کی نمبر ایک ٹیم فرانس اور عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود اسپین کی ٹیم ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔

فرانس کی ٹیم رواں ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور ٹورنامنٹ کے تمام 6 میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ فرانسیسی ٹیم نے ان مقابلوں میں 16 گول اسکور کیے اور شاندار کارکردگی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب اسپین کی ٹیم بھی ورلڈ کپ میں اب تک کوئی میچ نہیں ہاری۔ 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین نے 16 سال بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور ایک بار پھر ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہے۔

فرانس کی جانب سے کپتان اور اسٹار فٹبالر کائیلیان ایمباپے نے رواں ورلڈ کپ میں 8 گول کیے ہیں، جس کے بعد وہ ارجنٹائن کے لیونل میسی کے برابر گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں موجود ہیں۔ جبکہ عثمان ڈیمبیلے بھی 5 گول کر چکے ہیں۔

اسپین کی جانب سے میکائیل اویارزبال ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 4 گول کر کے ٹیم کے نمایاں اسکورر ہیں۔ تاہم اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال اب تک ورلڈ کپ میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کر سکے، لیکن ٹیم کو اب بھی ان سے اہم کردار کی امید ہے۔

ماہرین کے مطابق فرانس کو اس مقابلے میں فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اسپین بھی کسی بھی وقت میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسپین نے ماضی میں یورو کپ اور نیشنز لیگ میں فرانس کو شکست دے کر اپنی طاقت ثابت کی ہے۔

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس اس سے قبل چار بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ اگر فرانس سیمی فائنل جیت جاتا ہے تو وہ مسلسل تیسری مرتبہ اور مجموعی طور پر پانچویں بار ورلڈ کپ فائنل کھیلے گا۔

دوسری جانب 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین 16 سال بعد دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل 70 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش رکھنے والے ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 12 بجے شروع ہوگا۔

Read Comments