ماڈل ہما سلیم کا معروف پاکستانی کرکٹر پر ہراسانی کا الزام، قانونی کارروائی کا عندیہ

آئندہ چند روز میں اس معاملے سے متعلق مزید معلومات شیئر کر نے کا اشارہ دے دیا۔
شائع 16 جولائ 2026 11:59am

پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک نامعلوم کرکٹر کے خلاف ہراسانی، دھمکیوں، ذہنی دباؤ اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے متعلق سنگین دعوے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے اس معاملے سے متعلق تفصیلات اور دستیاب شواہد متعلقہ قانونی فورمز پر پیش کریں گی۔

ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کا گزشتہ دو ماہ سے مذکورہ کرکٹر کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ یا تعلق نہیں ہے اس کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ذہنی طور پر شدید پریشان کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی اپنی زندگی اور کام میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، انہیں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے زبردستی پیچھے دھکیلنے اور ہراساں کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہما سلیم کے مطابق، مذکورہ کرکٹر نے ان کے پیشہ ورانہ ساتھیوں سے رابطے کر کے ان کے کردار اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، جس کی وجہ سے ان کے کام سے وابستہ دوسرے بے قصور لوگ بھی اس ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں۔

اداکارہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور وہ مزید خاموش نہیں بیٹھیں گی۔


انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ”میں ایک طویل عرصے تک خاموش رہی، لیکن اب میں نے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مناسب وقت آنے پر میری قانونی ٹیم اس معاملے سے متعلق تمام حقائق اور دستیاب شواہد پیش کرے گی۔“

ہما سلیم نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ آئندہ چند روز میں اس معاملے سے متعلق مزید معلومات شیئر کر سکتی ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنی کسی بھی پوسٹ میں متعلقہ کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی کسی فرد کی شناخت کے بارے میں کوئی اشارہ دیا ہے۔

Read Comments